کھیل

ہندوستان کی ورلڈکپ میں مسلسل چوتھی کامیابی

سابق کپتان ویراٹ کوہلی کی شاندار ناٹ آؤٹ سنچری کی مدد سے ہندوستان نے ورلڈکپ کے ایک میاچ میں بنگلہ دیش کو 7 وکٹ سے شکست دیکر مسلسل چوتھی جیت درج کرلی۔

پونے: سابق کپتان ویراٹ کوہلی کی شاندار ناٹ آؤٹ سنچری کی مدد سے ہندوستان نے ورلڈکپ کے ایک میاچ میں بنگلہ دیش کو 7 وکٹ سے شکست دیکر مسلسل چوتھی جیت درج کرلی۔

ہندوستان کو جیت کیلئے 257 رن کی ضرورت تھی جو اس نے 3 وکٹ کھوکر بنالئے۔ ہندوستان کیلئے ویراٹ کوہلی نے شاندار بیاٹنگ کرتے ہوئے ناٹ آؤٹ سنچری اسکور کی۔

کوہلی نے 97 گیندوں میں 6 چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 103 رن بنائے جبکہ کے ایل راہول بھی 3 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 34 رن بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ دیگر کھلاڑیوں میں کپتان روہت شرما 48‘ شبھمن گل 53 اور شریاس ایئر 19 رن بناکر آؤٹ ہوئے۔ بنگلہ دیش کیلئے مہدی حسن میراز نے 2 جبکہ حسن محمود نے ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں پہلے بیاٹنگ کرتے ہوئے بنگلہ دیش نے اوپنرس تنزید حسن اور لٹن داس کی نصف سنچریوں کی مدد سے 256 رن بنائے۔ دونوں اوپنرس نے پہلی وکٹ کیلئے 93 رنوں کی شراکت داری کے ذریعہ ٹیم کو شاندار شروعات دلائی۔

تنزید حسن 5 چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 51 جبکہ لٹن داس 7 چوکوں کی مدد سے 66 رن بناکر آؤٹ ہوئے۔ دیگر کھلاڑیوں میں توحید ہردوئے 16‘ مشفق الرحیم 38 اور محمود اللہ 46 رن بناکر آؤٹ ہوئے۔ محمود اللہ نے آخری اوورس میں جارحانہ بیاٹنگ کرتے ہوئے 36 گیندوں میں تین چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 46 رن اسکور کئے۔

ہندوستان کیلئے بمراہ‘ محمد سراج اور رویندر جڈیجہ نے 2,2 جبکہ شردل ٹھاکر اور کلدیپ یادو نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ ویراٹ کوہلی کو میان آف دی میاچ قرار دیاگیا۔