پی ایف آئی احتجاج کے دوران پاکستان زندہ باد کے نعرے؟،سخت کارروائی ہوگی: ایکناتھ شنڈے

چیف منسٹر ایکناتھ شنڈے نے کہا کہ ریاست میں ایسے نعرے برداشت نہیں کئے جائیں گے جبکہ ڈپٹی چیف منسٹر دیویندر پھڈنویس نے جو وزیر داخلہ بھی ہیں کہا کہ نعرے بازی کرنے والوں کو بخشا نہیں جائے گا۔

پونے: سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو سامنے آیا ہے جس میں پونے میں پاپلر فرنٹ آف انڈیا(پی ایف آئی) احتجاج کے دوران پاکستان زندہ باد کے نعرے لگتے دکھائی دیتے ہیں۔ حکومتِ مہاراشٹرا نے اس پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ نعرے لگانے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔

 چیف منسٹر ایکناتھ شنڈے نے کہا کہ ریاست میں ایسے نعرے برداشت نہیں کئے جائیں گے جبکہ ڈپٹی چیف منسٹر دیویندر پھڈنویس نے جو وزیر داخلہ بھی ہیں کہا کہ نعرے بازی کرنے والوں کو بخشا نہیں جائے گا۔ ویڈیو میں یہ نعرہ اس وقت دو مرتبہ سنائی دیتا ہے جب پی ایف آئی کارکنوں کو جمعہ کے دن پولیس کی گاڑیوں میں لے جایا جارہا ہوتا ہے۔

پی ایف آئی نے اس کے خلاف ملک گیر دھاوؤں اور اس کے کارکنوں کی گرفتاری کی مذمت میں ضلع کلکٹریٹ کے سامنے احتجاج کیا تھا۔ پولیس نے لگ بھگ 40  احتجاجیوں کو حراست میں لیا تھا۔ پونے پولیس کا کہنا ہے کہ وہ معاملہ کی تحقیقات کررہی ہے۔

ڈپٹی کمشنر پولیس (ڈی سی پی) ساگر پاٹل نے کہا کہ ہم نے پی ایف آئی ارکان کے خلاف غیرقانونی اجتماع کے سلسلہ میں کیس درج کرلیا ہے اور نعرے بازی کے معاملہ کی تحقیقات کررہے ہیں۔ بغیراجازت احتجاج کرنے پر 60 سے زائد مظاہرین کے خلاف بند گارڈن پولیس اسٹیشن میں کیس درج ہوا۔ چیف منسٹر شنڈے نے ایک ٹویٹ میں ”غیرسماجی عناصر“ کی طرف سے موافق پاکستان نعروں کی مذمت کی۔

 انہوں نے کہا کہ پولیس مشنری مناسب کارروائی کرے گی۔ چھترپتی شیواجی مہاراج کی دھرتی پر ایسے نعرے برداشت نہیں کئے جائیں گے۔ ناگپور میں پھڈنویس نے کہا کہ مہاراشٹرا یا ہندوستان میں اگر کوئی پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگاتا ہے تو اسے بخشا نہیں جائے گا‘ اس کے خلاف کارروائی ہوگی۔ یہ لوگ جہاں بھی ہوں ہم انہیں ڈھونڈ نکالیں گے اور ان کے خلاف کارروائی کریں گے۔

 سینئر بی جے پی قائد اور سابق ریاستی وزیر چندرکانت پاٹل نے کہا کہ جہاں تک قومی سلامتی کا سوال ہے مجموعی طورپر پی ایف آئی کے خلاف کیس انتہائی حساس ہے۔ متعلقہ ایجنسیاں اپنا کام کررہی ہیں۔ وزیر داخلہ و ڈپٹی چیف منسٹر نے اس کا نوٹ لیا ہے اور مناسب کارروائی ہوگی۔

 بی جے پی رکن اسمبلی نتیش رانے نے ٹویٹر پر کہا کہ جن لوگوں نے موافق پاکستان نعرے لگائے ہیں انہیں یاد رکھنا چاہئے کہ انہیں بخشا نہیں جائے گا۔ انہوں نے پی ایف آئی پر امتناع کا بھی مطالبہ کیا۔ پی ایف آئی پر امتناع کا مطالبہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا ”چن چن کے ماریں گے‘ اتنا یاد رکھنا“۔

 ایک اور بی جے پی رکن اسمبلی رام ستپوتے نے نعرے لگانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پونے پولیس کو چاہئے کہ وہ انہیں گرفتار کرلے۔ پی ایف آئی کے خلاف بڑی کارروائی میں جمعرات کے دن این آئی اے اور ای ڈی نے ملک گیر چھاپے مارے تھے اور تنظیم کے 106 قائدین و کارکنوں کو گرفتار کرلیا تھا۔

مہاراشٹرا میں 20 گرفتاریاں ہوئی تھیں۔ پی ایف آئی کا قیام 2006 میں عمل میں آیا تھا۔ وہ ملک میں درکنار طبقات کو بااختیار بنانے نئی سماجی تحریک چلانے کا دعویٰ کرتی ہے جبکہ نفاذِ قانون ایجنسیاں اس پر اکثر کٹر اسلام کو بڑھاوا دینے کا الزام عائد کرتی ہیں۔