ملک میں روس جیسی آمرانہ صورتحال: کجریوال
چیف منسٹر دہلی اروندکجریوال نے جمعہ کے دن ملک کی صورتحال کا تقابل روس سے کیا۔ انہوں نے دعویٰ کیاکہ ملک میں ڈکٹیٹرشپ (آمریت) ہے اور اپوزیشن قائدین کو جیل میں ڈالا جارہا ہے۔

امرتسر: چیف منسٹر دہلی اروندکجریوال نے جمعہ کے دن ملک کی صورتحال کا تقابل روس سے کیا۔ انہوں نے دعویٰ کیاکہ ملک میں ڈکٹیٹرشپ (آمریت) ہے اور اپوزیشن قائدین کو جیل میں ڈالا جارہا ہے۔
کجریوال عام آدمی پارٹی ورکرس اور قائدین بشمول ارکان اسمبلی وپارلیمنٹ سے خطاب کررہے تھے۔انہوں نے ان سے کہا کہ وہ پنجاب کی تمام 13لوک سبھا نشستوں سے پارٹی کی جیت یقینی بنانے کی پوری کوشش کریں۔
انہوں نے بی جے پی پر تنقید کی کہ وہ اپنے تمام حریف قائدین کو جیل میں ڈال رہی ہے۔ عام آدمی پارٹی سربراہ نے کہا کہ ملک میں جاری آمریت ناقابل قبول ہے۔
ہندوستان نے پچھلے 75برس میں ایسا کبھی نہیں دیکھا۔ روس کی طرح جہاں پوٹین نے یا تو تمام حریف قائدین کو جیل میں ڈال دیا یا مروادیا اور اس کے بعد الیکشن کرواکر 87 فیصد ووٹ حاصل کرلیا۔ جب اپوزیشن نہ ہوتو صرف آپ ہی کو ووٹ ملتے ہیں۔ کجریوال نے کہا کہ بی جے پی والوں نے مجھے جیل میں ڈال دیا۔
سابق ڈپٹی چیف منسٹر دہلی منیش سسوڈیا کو جیل میں ڈالاگیا۔ کانگریس پارٹی کا بینک کھاتہ منجمد کیاگیا۔ بی جے پی والے ٹی ایم سی کو پریشان کررہے ہیں۔ٹاملناڈو میں اسٹالن کے وزراء کو جیل میں ڈالاجارہا ہے۔ کجریوال نے کہا کہ ہرایک کو جیل میں ڈال دو۔
اس کے بعد ایک اور پارٹی اور ایک قائد رہ جائے گا لیکن جمہوریت باقی نہیں رہے گی۔ ہمیں ایسا ہونے دینا نہیں ہے۔ عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر نے الزام عائد کیاکہ تہاڑ جیل میں ان کی کوٹھری میں دو سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گئے تھے اور 24گھنٹے ان پر نظررکھی جارہی تھی۔
میں‘ کب اٹھتا ہوں‘ باتھ روم میں کتنا وقت صرف کرتا ہوں‘ باتھ روم سے باہر کب آتا ہوں‘ ٹوائلیٹ میں کتنی دیر رہتا ہوں اس پر نظررکھی جارہی تھی۔ انہوں نے الزام عائد کیاکہ ان کی کوٹھری کی سی سی ٹی وی فیڈ کو دن رات 13 عہدیدار دیکھ رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ انہیں بتایاگیاکہ ایک فیڈ پی ایم او (وزیراعظم کا دفتر) کو جارہی تھی اور وہاں دو ٹی وی سیٹس میں دیکھاجارہا تھا کہ کجریوال کوٹھری میں کیاکررہا ہے۔ چیف منسٹر دہلی نے کہا کہ مجھے توڑنے کی کوشش کی گئی۔ میں‘ مراقبہ کرتا تھا اور کتابیں پڑھتا تھا۔
میرے اندر کی طاقت مضبوط ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے دوجون کو جیل واپس جانا ہے۔ 4جون کو میں‘ جیل کے اندر ٹی وی پر نتائج دیکھوں گا۔ پنجاب میں عام آدمی پارٹی 13نشستیں جیت جائے تو مجھے بڑا اطمینان ہوگا مجھے مایوس مت کریں۔ کجریوال جمعرات کے دن پنجاب آئے تھے اور انہوں نے عام آدمی پارٹی کے امیدوارامرتسر کلدیپ سنگھ دھالیوال کی تائید میں روڈ شو کیا۔