سڈنی کے ساحلی علاقے بونڈی بیچ پر فائرنگ، 10 افراد ہلاک
فائرنگ کے ایک سنگین واقعے میں کم از کم 10 افراد ہلاک اور 12 زخمی ہو گئے
سڈنی، 14دسمبر (یو این آئی) آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے معروف ساحلی علاقے بونڈی بیچ پر اتوار کے روز فائرنگ کے ایک سنگین واقعے میں کم از کم 10 افراد ہلاک اور 12 زخمی ہو گئے، جس کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق فائرنگ کا یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب دو مسلح افراد نے بونڈی بیچ پر موجود شہریوں پر اندھا دھند فائرنگ کردی ۔ حملے کے نتیجے میں متعدد افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے، جب کہ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں ایک حملہ آور بھی شامل ہے، جبکہ دوسرے مسلح شخص کو پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے حراست میں لے لیا۔ واقعے کے فوراً بعد پولیس نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔
غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ فائرنگ یہودیوں کے ایک تہوار کی تقریب کے دوران کی گئی، جس کے باعث خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ حملہ ہدفی ہو سکتا ہے۔ پولیس نے شہریوں کو بونڈی بیچ اور اطراف کے علاقوں سے دور رہنے کی ہدایت جاری کی ہے، جبکہ واقعے کی مکمل تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
مقامی میڈیا کے مطابق تقریب میں تقریباً 2000 افراد شریک تھے، اس دوران درجنوں گولیاں چلیں۔ کچھ ذرائع نے ایک شخص کی تصویر بھی جاری کی جو فائرنگ کے مشتبہ میں شامل ہے۔
وزیر اعظم انتھونی البانیزی نے عوام سے کہا کہ وہ نیو ساؤتھ ویلز پولیس کی جاری کردہ معلومات پر عمل کریں۔ بعد میں انہوں نے فائرنگ کے مناظر کو "خوفناک اور تکلیف دہ” قرار دیا۔