مشرق وسطیٰ
لبنانی گاؤں پر اسرائیلی فضائی حملے میں 12 پیرا میڈکس کی موت
اسرائیل نے اکتوبر کے اوائل میں لبنان میں اپنی شمالی سرحد سے زمینی کارروائی بھی شروع کی تھی۔
بیروت: مشرقی لبنان میں بعلبیک کے ایک گاؤں دوریس میں جمعرات کی رات اسرائیلی فضائی حملے میں شہری دفاع کی ٹیموں کے کم از کم 12 پیرا میڈکس مارے گئے۔ یہ اطلاع لبنانی نیوز ویب سائٹ النشرہ نے دی ہے۔
النشرہ نے بعلبیک کے گورنر بشیر کھودور کے حوالے سے بتایا کہ سول ڈیفنس کے 12 ارکان کی لاشیں ملبے کے نیچے سے نکال لی گئی ہیں اور ملبہ ہٹانے کا عمل ابھی جاری ہے۔
کھودور نے کہا کہ فضائی حملے کے دوران مرکز میں تقریباً 20 پیرا میڈکس موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ بعلبیک میں علاقائی شہری تحفظ کے مرکز کے سربراہ بلال رعد سے رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔
واضح رہے کہ 23 ستمبر سے اسرائیلی فوج نے حزب اللہ کے ساتھ بڑھتے ہوئے تنازعے میں لبنان پر فضائی حملے تیز کر دیے ہیں۔
اسرائیل نے اکتوبر کے اوائل میں لبنان میں اپنی شمالی سرحد سے زمینی کارروائی بھی شروع کی تھی۔