مینجمنٹ کوٹہ کی نشستوں سے امیدواروں کی دوری، 175 ایم بی بی ایس سیٹیں خالی
تلنگانہ میں نیٹ یو جی۔2026 کی کونسلنگ کے متعدد مراحل مکمل ہونے کے باوجود ایم بی بی ایس کی کم از کم 175 نشستیں تاحال خالی رہنے کا انکشاف ہوا ہے، جس کے بعد پرائیویٹ میڈیکل کالجوں میں مینجمنٹ کوٹہ کی نشستوں کی طلب میں کمی پر تشویش ظاہر کی جا رہی ہے۔
حیدرآباد (منصف نیوز بیورو) تلنگانہ میں نیٹ یو جی۔2026 کی کونسلنگ کے متعدد مراحل مکمل ہونے کے باوجود ایم بی بی ایس کی کم از کم 175 نشستیں تاحال خالی رہنے کا انکشاف ہوا ہے، جس کے بعد پرائیویٹ میڈیکل کالجوں میں مینجمنٹ کوٹہ کی نشستوں کی طلب میں کمی پر تشویش ظاہر کی جا رہی ہے۔
ریاست میں تعلیمی سال 2026-27 کے لیے مجموعی طور پر 10,500 ایم بی بی ایس نشستیں دستیاب ہیں، جن میں 4,400 نشستیں 36 سرکاری میڈیکل کالجوں اور 6,100 نشستیں 30 پرائیویٹ میڈیکل کالجوں میں ہیں۔
ریاستی کونسلنگ کے تحت دستیاب اعداد و شمار کے مطابق کنوینر کوٹہ (Competent Authority Quota) میں 6,467 نشستیں جبکہ مینجمنٹ کوٹہ کی مجموعی 2,760 نشستیں ہیں، جن میں 1,934 بی کیٹیگری اور 826 این آر آئی (سی کیٹیگری) نشستیں شامل ہیں۔
خالی رہ جانے والی تمام 175 نشستیں پرائیویٹ میڈیکل کالجوں کے مینجمنٹ کوٹہ سے تعلق رکھتی ہیں، جبکہ کنوینر کوٹہ کی نشستیں پْر ہونے کی اطلاع ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ زیادہ فیسوں کے باعث کئی امیدواروں نے مینجمنٹ کوٹہ کی نشستوں میں داخلہ لینے سے گریز کیا یا وہ داخلہ حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکے۔
کونسلنگ کے متعدد مراحل اور اہل امیدواروں کو بار بار مواقع فراہم کئے جانے کے باوجود نشستوں کا خالی رہنا اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ پرائیویٹ میڈیکل کالجوں کو مینجمنٹ کوٹہ کی نشستیں پْر کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے، جس سے میڈیکل تعلیم کے شعبہ میں بھاری فیسوں اور مینجمنٹ کوٹہ کی نشستوں کی طلب سے متعلق سوالات پیدا ہوگئے ہیں۔