اندرما ہاوزنگ اسکیم۔ مزید 1,741 افراد کو مکانات الاٹ
حکومت کی جانب سے کم آمدنی والے طبقات کے اپنے ذاتی مکان کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے مقصد سے شروع کی گئی اندرامّا ہاوزنگ ٹاورس اسکیم کے تحت ویٹنگ لسٹ میں شامل مزید 1,741 مستحق افراد کو ای لاٹری کے ذریعہ مکانات الاٹ کیے گئے ہیں۔
حیدرآباد (منصف نیوز بیورو) حکومت کی جانب سے کم آمدنی والے طبقات کے اپنے ذاتی مکان کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے مقصد سے شروع کی گئی اندرامّا ہاوزنگ ٹاورس اسکیم کے تحت ویٹنگ لسٹ میں شامل مزید 1,741 مستحق افراد کو ای لاٹری کے ذریعہ مکانات الاٹ کیے گئے ہیں۔
حکومت نے اس اسکیم کے پائلٹ پراجکٹ میں ہر اسمبلی حلقہ میں 480 مکانات تعمیر کرنے کا منصوبہ تیار کیا ہے اور اہل افراد سے درخواستیں طلب کرتے ہوئے پہلے مرحلے میں قرعہ اندازی کے ذریعہ مکانات الاٹ کیے گئے تھے۔
تاہم فیلڈ سطح پر جانچ کے دوران بعض افراد کے غیر مستحق قرار پانے اور کچھ استفادہ کنندگان کی جانب سے اپنی مالی صورتحال کے پیش نظر الاٹمنٹ منسوخ کروانے کے باعث 14 اسمبلی حلقوں میں مجموعی طور پر 1,741 مکانات دوبارہ دستیاب ہوگئے۔
ان خالی مکانات کو ویٹنگ لسٹ میں شامل امیدواروں کو الاٹ کرنے کے لیے چہارشنبہ کو نامپلی میں واقع ہاوزنگ بورڈ کے مرکزی دفتر میں خصوصی میپ اَپ ای لاٹری کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ اس قرعہ اندازی کے ذریعہ 14 اسمبلی حلقوں میں 1,741 افراد کو مکانات الاٹ کیے گئے، جبکہ مزید 875 امیدواروں کو ویٹنگ لسٹ میں شامل کرنے کے لیے ای لاٹری کے ذریعہ منتخب کیا گیا۔
اس مرحلے میں سب سے زیادہ 327 مکانات خیریت آباد اسمبلی حلقہ میں الاٹ کیے گئے، جبکہ مہیشورم میں 201، ملک پیٹ میں 171، ملکاجگیری میں 150، میڑچل میں 143، راجندر نگر میں 133، نامپلی میں 106، بہادرپورہ میں 91، صنعت نگر میں 88، قطب اللہ پور میں 80، کاروان میں 73، کنٹونمنٹ میں 66، کوکٹ پلی میں 59 اور عنبرپیٹ میں 53 افراد کو مکانات الاٹ کیے گئے۔