حیدرآباد

آؤٹ سورسنگ ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کا مطالبہ، اسدالدین اویسی ایم پی کی حکومت سے نمائندگی

کل ہند مجلس اتحادالمسلمین کے صدر اسدالدین اویسی نے حکومت تلنگانہ سے مطالبہ کیا کہ ریاست بھر کے مختلف سرکاری محکمہ جات، اداروں، کارپوریشنس اور سوسائٹیز میں برسرکار آؤٹ سورسنگ ملازمین کی ماہانہ تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے۔

حیدرآباد:کل ہند مجلس اتحادالمسلمین کے صدر اسدالدین اویسی نے حکومت تلنگانہ سے مطالبہ کیا کہ ریاست بھر کے مختلف سرکاری محکمہ جات، اداروں، کارپوریشنس اور سوسائٹیز میں برسرکار آؤٹ سورسنگ ملازمین کی ماہانہ تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے۔

انہوں نے بڑھتی مہنگائی اور اخراجات زندگی میں مسلسل اضافہ کا حوالہ دیتے ہوئے حکومت سے اس سلسلہ میں نمائندگی کی۔ اسدالدین اویسی نے اپنی نمائندگی میں نشاندہی کی کہ سابقہ حکومت نے 11جون 2021 کو جاری کردہ جی او ایم ایس نمبر 60 کے ذریعہ ان ملازمین کے مشاہرہ میں 30 فیصد سے زائد اضافہ کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ تنخواہوں پر آخری نظرثانی کے بعد سے اخراجات زندگی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے جس کے باعث موجودہ تنخواہیں خاندان کی بنیادی ضروریات کی تکمیل کے لئے ناکافی ثابت ہورہی ہیں۔

اسدالدین اویسی ایم پی نے حکومت سے درخواست کی کہ آؤٹ سورسنگ ملازمین کی مالی مشکلات اور ان کی مخلصانہ خدمات کو پیش نظر رکھتے ہوئے ان کے ماہانہ مشاہرہ میں خاطر خواہ اضافہ پر غور کیا جائے۔

انہوں نے حکومت کی توجہ اس جانب بھی مبذول کروائی کہ بعض سرکاری سوسائٹیز میں برسرکار آؤٹ سورسنگ ملازمین کو مقررہ وقت پر تنخواہیں ادا نہیں کی جارہی ہیں۔ اسدالدین اویسی نے حکومت پر زور دیا کہ تمام سرکاری محکمہ جات، اداروں، کارپوریشنس اور سوسائٹیز کو ضروری ہدایات جاری کی جائیں تاکہ آؤٹ سورسنگ ملازمین کو ہر ماہ بلا تاخیر تنخواہوں کی ادائیگی یقینی بنائی جاسکے۔