کابل میں خودکش دھماکہ، 19 افراد ہلاک
حکام نے بتایا کہ دھماکا شہر کے مغرب میں دشت برچی کے علاقے میں واقع کاج تعلیمی مرکز میں اس وقت ہوا جب طالب علم پریکٹس یونیورسٹی کے امتحان میں شریک تھے۔

کابل: افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ایک تعلیمی مرکز میں جمعہ کو ایک خودکشی دھماکے میں کم از کم 19 افراد ہلاک اور 27افراد زخمی ہوگئے۔
حکام نے بتایا کہ خودکش دھماکہ شہر کے مغرب میں دشت برچی کے علاقے میں واقع کاج تعلیمی مرکز میں اس وقت ہوا جب طالب علم پریکٹس یونیورسٹی کے امتحان میں شریک تھے۔
اس علاقے میں رہنے والوں میں سے بہت سے ہزارہ اقلیتی برادری سے تعلق رکھتے ہیں، جنہیں ماضی میں نشانہ بنایا جا چکا ہے۔ کسی گروپ نے ابھی تک اس دھماکہ کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔
طالبان کی وزارت داخلہ کے ترجمان نے کہا کہ سیکیورٹی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہیں۔
وزارت داخلہ کے ترجمان عبدالنافع تکور نے بتایا کہ شہری اہداف پر حملہ کرنا دشمن کے غیر انسانی ظلم اور اخلاقی معیار کی گراوٹ کو ظاہر کرتا ہے۔
طالبان گزشتہ اگست میں افغانستان میں دوبارہ اقتدار میں آئے اور طالبان قائدین کا کہنا ہے کہ وہ استحکام بحال کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ تاہم اسلامک اسٹیٹ گروپ کے حریف اسلام پسندوں کے حملے جاری ہیں۔
صرف ایک ہفتہ قبل ہی کابل میں اسی طرح کے ایک دھماکہ میں 7 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔