امریکہ و کینیڈا

ایان، امریکہ کی تاریخ کا سب سے خطرناک طوفان، ناقابل بیان تباہی

بائیڈن نے واشنگٹن، ڈی سی میں فیڈرل ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی کے ہیڈ کوارٹر کے دورے میں ایان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ آج بھی پوری ریاست میں گھوم رہا ہے اور یہ ایک خطرناک طوفان ہوسکتا ہے۔

واشنگٹن: امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ ایان، فلوریڈا کی تاریخ کا سب سے خطرناک سمندری طوفان ہو سکتا ہے۔

بائیڈن نے جمعرات کو واشنگٹن، ڈی سی میں فیڈرل ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی کے ہیڈ کوارٹر کے دورے میں ایان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ آج بھی پوری ریاست میں گھوم رہا ہے اور یہ ایک خطرناک طوفان ہوسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ابھی تک اعداد و شمار واضح نہیں ہیں کہ جان و مال کا کتنا نقصان ہوسکتا ہے۔

قبل ازیں موصولہ اطلاعات کے بموجب سمندری طوفان ایان امریکی ریاست فلوریڈا سے ٹکرا گیا۔ 241 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں نے تباہی مچادی ہے جس سے گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔ رپورٹ کے مطابق طوفان ایان نے فلوریڈا ریاست میں ناقابل بیان تباہی مچائی ہے۔

تفصیلات کے مطابق کیوبا میں تباہی مچانے کے بعد سمندری طوفان ایان امریکی ریاست فلوریڈا سے ٹکرا گیاہے۔ یہ امریکہ کی100سالہ تاریخ میں سب سے بڑا طوفان ہے، جس میں ہوا کی رفتار ڈیڑھ سو میل فی گھنٹہ ہے۔ سمندری طوفان نے تیز ہواؤں ا ور موسلادھار بارش کے ساتھ لینڈ فال کیا اور 241 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی تیز ہواؤں سے عمارتوں اور گھروں کو نقصان پہنچا۔

فلوریڈا میں طوفانی بارشوں سے سیلابی صورتحال کا سامنا ہے، معمولات زندگی درہم برہم ہیں اور مختلف علاقوں میں دس لاکھ سے زائد شہری بجلی سے محروم ہوگئے ہیں۔ ساحلی علاقوں میں پچیس لاکھ افراد پر مشتمل آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقلی کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

امریکی میڈیا نے سمندری طوفان کو کیٹیگری فور قرار دیا ہے، فلوریڈا میں پہلے ہی ایمرجنسی نافذ ہے، اسکول اور ایئرپورٹس بند ہیں۔