شمالی بھارت

2ماہ تک مذہبی پرچم لہرانے پر پابندی

حکومت راجستھان نے احکام صادر کئے ہیں۔ اودئے پور میں آئندہ 2 ماہ تک مذہبی شناخت کے حامل پرچموں کو کسی بھی عام مقام یا اسکولوں پر لہرانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

جئے پور: حکومت راجستھان نے احکام صادر کئے ہیں۔ اودئے پور میں آئندہ 2 ماہ تک مذہبی شناخت کے حامل پرچموں کو کسی بھی عام مقام یا اسکولوں پر لہرانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

ضلع کلکٹر تاراچندمینا نے بتایا کہ اصولوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی اگر ذرائع کی مانیں تو یہ احکام اودئے پور میں حال ہی میں ایک بڑے اجتماع سے دھریندرشاستری کے خطاب کے پیش نظر جاری کئے گئے ہیں۔

شاستری کی تقریر کے بعد 5 نوجوانوں کو ضلع کمبل گوڑ قلعہ پر بھگواپرچم لہرانے کی کوشش میں گرفتار کرلیا گیا تھا۔

اگرچہ کہ ان نوجوانوں کو رہا کردیا گیا ہے لیکن انتظامیہ نے یہ کہتے ہوئے احکام جاری کئے ہیں کہ مذہبی علامتوں کی حامل پرچموں کو مذہبی جلوسوں کے دوران عام مقامات پر لہرانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ احکام کی خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔

اس حکم نامہ میں کہا گیا کہ اگر عام مقامات پر ان پرچموں کی لہرانے کی اجازت دی گئی تو نظم وضبط کا مسئلہ پیدا ہوسکتا ہے۔ بہرحال مینا نے کہا کہ اس حکم پر شاستری کی تقریر سے کوئی تعلق نہیں۔

اودئے پور کی رکن پارلیمنٹ دیاکماری (بی جے پی) نے اس حکم کو نظم و ضبط کے نام پر عام آدمی کی مذہبی آزادی کے حق کی خلاف ورزی کرنے کی کوشش قرار دیا۔