مہاراشٹرا

کار کی ٹکر سے 2افراد کی موت‘حالت نشہ میں گاڑی چلانے والے نابالغ لڑکے کاباپ گرفتار

کمشنر پولیس امیتیش کمار نے کہا کہ ہم نے لڑکے کے والد کو اورنگ آباد سے گرفتار کرلیا اور انہیں پونے لایا جارہا ہے۔ ان کے خلاف درج کیس میں انہیں گرفتار کیا جائے گا۔“

ممبئی: پولیس نے کار حادثہ کے سلسلے میں 17سالہ لڑکے کے والد کو گرفتار کرلیا۔اس حادثہ میں دو افراد کی موت ہوگئی۔  پورش ماڈل کی کار 17 سالہ لڑکا چلا رہا تھا جو پولیس کے دعوے کے مطابق اس وقت حالت نشے میں تھا اور اتوار کی ابتدائی ساعتوں میں کلیان نگر علاقہ میں موٹر سیکل پر سوار دو افراد کو روند ڈالا جس سے ان کی موت ہوگئی۔

متعلقہ خبریں
انجینئرنگ کالج میڑچل میں طالبات کی خفیہ فلمبندی کیس میں دو گرفتار
خوفناک سڑک حادثہ، تیز رفتار گاڑی نے دو پولیس اہلکاروں سمیت تین کو کچل دیا
ماونواز لیڈر کشن جی کی اہلیہ سجاتکا زیرحراست!
پاتال ایکسپریس کو پٹری سے اتارنے کی کوشش‘ یوپی میں ایک گرفتار
خود ساختہ فائنانس ڈپارٹمنٹ کا ایڈیشنل سکریٹری گرفتار

کمشنر پولیس امیتیش کمار نے کہا کہ ہم نے لڑکے کے والد کو اورنگ آباد سے گرفتار کرلیا اور انہیں پونے لایا جارہا ہے۔ ان کے خلاف درج کیس میں انہیں گرفتار کیا جائے گا۔“پولیس نے نابالغ لڑکے کے والد جو رئیل اسٹیٹ ڈیولپر ہیں کے خلاف جووینائل جسٹس ایکٹ کی دفعات75 اور 77کے تحت کیس درج کیا تھا۔

اس کے علاوہ نابالغ لڑکے کو شراب فراہم کرنے پر بار کے مالکان اور عملہ کے خلاف بھی کیس درج کیا گیا۔ ان کیسس کی تحقیقات کرائم برانچ کو منتقل کردی گئی۔

https://twitter.com/iamarshadalii/status/1792806120521875740

 حادثہ میں درج کردہ ایف آئی آر کے مطابق اس شخص نے یہ جانتے ہوئے بھی کہ اس کے بیٹے کے پاس قانونی ڈرائیونگ لائسنس نہیں ہے، اسے کار دی اور اس کی زندگی کو خطرے میں ڈالا اور یہ جاننے کے باوجود اسے پارٹی کرنے کی اجازت دی  کہ وہ شراب پیتا تھا۔

 دوستوں کا ایک گروپ اتوار کو پارٹی کے بعد رات3:15بجے موٹربائیکلس پر واپس ہورہا تھا کہ ایک تیز رفتار پورش کار نے کلیانی نگر جنکشن پر ایک موٹرسیکل کو ٹکر دے دی۔ موٹر سیکل پر سوار انیس اودھیا اور اشونی کوسٹا کی موت ہوگئی۔

دونوں کی عمر24سال تھی، وہ آئی ٹی پیشہ ور تھے اوران کا تعلق مدھیہ پردیش سے تھا۔ نابالغ لڑکے کو بعد ازاں جووینائل جسٹس بورڈ میں پیش کیا گیا جس نے اسے چند گھنٹوں بعد ضمانت عطا کردی۔ بورڈ نے اسے ریجنل ٹرانسپورٹ آفس جاکر ٹریفک قواعد کا مطالعہ کرنے اور اندرون 15دن بورڈ کو پریزنٹیشن دینے کی بھی ہدایت دی۔

پولیس کے مطابق لڑکے کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 304(غیر ارادی قتل) اور موٹر وہیکلس ایکٹ کے تحت کیس درج کیا۔ پولیس نے کہا کہ وہ لڑکے پر بالغ کے طور پر مقدمہ چلانے کی اجازت حاصل کرنے ہائی کورٹ سے رجوع ہوگی۔

دریں اثناء شیوسینا (یو بی ٹی) کے لیڈر سنجے راؤت نے 17سالہ لڑکے کے ذریعہ کار حادثہ میں دو افراد کی موت کے سلسلے میں پونے کے پولیس کمشنر کو برطرف کرنے کا مطالبہ کیا۔ صحافیوں سے بات کرتے ہوئے راؤت نے الزام عائد کیا کہ پولیس نے حادثہ کے ضمن میں جھوٹی میڈیکل رپورٹ دی اور تعجب کا اظہار کیا کہ پونے کے پولیس کمشنر کسے بچانے کی کوشش کررہے ہیں۔

 راؤت نے کہا کہ پونے پولیس کمشنر کو برطرف کیا جانا چاہیے۔ اس کیس میں انہوں نے کس کی مدد کی؟ دو بے گناہ افراد کی جان چلی گئی۔ لڑکے کو پب میں شراب نوشی کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔ یہ بدعنوان پولیس نظام اور بدعنوان رکن اسمبلی ہیں۔“

راجیہ سبھا کے رکن نے سوال کیا کہ پولیس کمشنر کسے بچانے کی کوشش کررہے ہیں؟ آپ جھوٹی رپورٹ دے رہے ہیں۔“   آئی اے این ایس کے بموجب اپوزیشن کی تنقیدوں کی زد میں چیف منسٹر ایکناتھ شنڈے نے پونے پولیس کو پورش کار حادثہ کی تحقیقات کا حکم دیا جسے نابالغ لڑکا چلارہا تھا۔

دریں اثناء پولیس نے مزید تین افراد کو گرفتار کرلیا۔ ایم وی اے قائد اپوزیشن وجئے وڈیتیوار نے حادثہ کی عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔  دریں اثناء پونے کے پولیس کمشنر امیتیش کمار نے اپوزیشن اور دیگر کو اپنے الزامات ثابت کرنے کا چیلنج کیا کہ پولیس نے دباؤ میں کام کیا یا نابالغ ملزم کے ساتھ نرمی برتی جس کا باپ شہر کا ایک نامور رئلٹی ڈیولپر ہے۔

پونے پولیس نے اپوزیشن اور ناقدین کو یہ بھی ثابت کرنے کا چیلنج کیا کہ پونے پولیس نے نابالغ ملزم کے خلاف قوانین کے تحت سخت ترین الزامات عائد نہیں کیے۔ انہوں نے کہا کہ عدالت میں داخل کردہ دودرخواستیں مستر د ہوگئیں۔

 ایک میں نابالغ ڈرائیور کو بالغ تصور کرنے اور دوسری میں اس کی تحویل کی درخواست کی گئی تھی۔ مگر پولیس ہائی کورٹ میں اپیل کرے گی۔واضح رہے کہ لڑکے کا باپ وشال اگروال حادثہ کے بعد دو دن سے فرار تھا۔ اس حادثہ نے پونے میں غم و غصہ کی لہر پیدا کردی۔