اسرائیلی فوج کے ہاتھوں حماس کے 20 ہزار ارکان ہلاک
ان کا اشارہ حماس کی جانب سے غلاف غزہ کے علاقوں پر بڑے حملے کی جانب تھا۔
تل ابیب: اسرائیلی فوج کے مستعفی سربراہ ہرزی ہیلوی کا کہنا ہے کہ ان کی فوج نے 15 ماہ سے زیادہ عرصہ قبل غزہ کی پٹی میں چھڑنے والی جنگ کے دوران میں حماس تنظیم کے تقریبا 20 ہزار عناصر کو موت کی نیند سلا دیا۔
ہیلوی نے یہ بات منگل کے روز اپنے استعفے کے اعلان کے چند گھنٹے بعد ٹی وی پر خطاب میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حماس کے عسکری ونگ کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے، اسرائیل نے تنظیم کی سینئر قیادت اور تقریبا 20 ہزار ارکان کو ختم کر دیا۔
اس سے قبل ہیلوی نے اپنے منصب سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے باور کرایا تھا کہ وہ سات اکتوبر 2023 کو فوج اور سیکورٹی اداروں کی ناکامی کی ذمے داری قبول کرتے ہیں۔ ان کا اشارہ حماس کی جانب سے غلاف غزہ کے علاقوں پر بڑے حملے کی جانب تھا۔
ہیلوی نے اپنی ذمے داریوں اور منصب سے سبک دوش ہونے کے لیے 6 مارچ کا دن مقرر کیا ہے۔ یہ بات اسرائیلی ٹی وی چینل 12 نے بتائی۔