بھارت

2024کے عام انتخابات کیلئے بی جے پی کی تیاریاں شروع

ذرائع نے بتایاکہ پارٹی کوامید ہے کہ ان نشستوں پرمناسب گراؤنڈ ورک سے آئندہ الیکشن میں اس کی نشستوں کی تعدادمیں اضافہ کرنے میں مدد ملے گی۔ بی جے پی نے 2019 میں 543کے منجملہ303 لوک سبھانشستوں پرکامیابی حاصل کی تھی۔

نئی دہلی: بی جے پی نے 2024کے عام انتخابات کیلئے روڈ میاپ تیارکرنا شروع کردیاہے اوراپوزیشن کیمپ میں زبردست سرگرمیاں دیکھی جارہی ہیں۔

سرکردہ قائدین کاایک اجلاس آج دہلی میں بی جے پی ہیڈکوارٹرس پرمنعقد ہوا۔144نشستوں کانشانہ مقررکیا گیا جو2019میں بہت کم مارجن سے پارٹی کے ہاتھ سے نکل گیاتھا۔

ذرائع نے بتایاکہ پارٹی کوامید ہے کہ ان نشستوں پرمناسب گراؤنڈ ورک سے آئندہ الیکشن میں اس کی نشستوں کی تعدادمیں اضافہ کرنے میں مدد ملے گی۔ بی جے پی نے 2019 میں 543کے منجملہ303 لوک سبھانشستوں پرکامیابی حاصل کی تھی۔

پہلی مرتبہ کسی پارٹی نے کئی دہائیوں میں اپنے بل بوتے پر اکثریت حاصل کی تھی لیکن اپوزیشن جماعتوں نے100 سے زیادہ نشستیں جیت لی تھیں اورکانگریس نے سب سے زیادہ یعنی53 نشستوں پرکامیابی حاصل کی تھی۔

ذرائع نے بتایاکہ پارٹی صدرجے پی نڈا اورپارٹی کے سب سے بڑے حکمت عملی سازامیت شاہ نے میٹنگ کی صدارت کی۔انہوں نے شرکت کرنے والے ہروزیر کو3تا4نشستوں پر توجہ مرکوز کرنے کی ہدایت دی۔

گذشتہ چند ماہ کے دوران وزراء نے اپنے حلقوں کے کئی مرتبہ دورے کئے ہیں اورپارٹی کوعوام کی رائے سے واقف کرایا ہے۔ ذرائع نے بتایاکہ وزراء سے کہاگیاہے کہ وہ سرل نامی پورٹل پر اپنا فیڈ بیاک داخل کریں۔اس میں معمولی سے معمولی تفصیلات بھی درج کی جاتی ہیں جن میں سماجی اسکیموں کے استفادہ کنندگان کے نام بھی شامل ہوتے ہیں۔

وزراء کواپنے حلقوں میں سرکاری اسکیمات کاموقف بھی درج کرناپڑتاہے کہ اس حلقہ میں مرکزی حکومت کی کتنی اورریاستی حکومت کی کتنی اسکیمات پر عمل کیاجارہاہے۔ ہرنشست کیلئے حکمت عملی ان کے بارے میں بنیادی سطح کی معلومات پر مبنی ہوتی ہیں جن میں ریاستی اسمبلی انتخابات کی تفصیلات بھی شامل ہوتی ہیں۔

وزراء سے یہ بھی کہاگیاکہ وہ پارٹی کوبنیادی سطح پر مضبوط کرنے میں مدد کریں۔ ان معلومات اوردیگر معلومات سے پارٹی کوبوتھ کومستحکم بنانے کی مناسب حکمت عملی وضع کرنے میں مدد ملے گی۔آج منعقدہ سیشن کامقصداب تک اکٹھاکی جانے والی تمام معلومات کاجائزہ لیناتھا۔2024کے انتخابات کیلئے بی جے پی کی تیاریوں کے ساتھ ساتھ اپوزیشن کیمپ میں بھی تیاریاں جاری ہیں۔

چیف منسٹر بہارنتیش کمارنے دہلی کا دورہ کیاتاکہ کانگریس اوردیگرجماعتوں کے قائدین کے ساتھ اپنے تعلقات کی تجدید کرسکیں۔ انہوں نے کانگریس کے راہول گاندھی‘ سماج وادی پارٹی صدراکھلیش یادو اوربائیں بازوقائدین سے ملاقات کی ہے توقع ہے کہ وہ چیف منسٹر دہلی اروندکجریوال اورنیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے صدر شردپوار سے بھی ملاقات کریں گے۔