حیدرآباد کے آئی ٹی کوریڈور میں آنے والے دنوں میں 275 نئی الیکٹرک بسیں شامل کی جائیں گی
فی الحال اس علاقہ میں 200 الیکٹرک بسیں چل رہی ہیں۔ سجنار نے پیر کی شام ہائی ٹیک سٹی میں ٹیک مہندرا کیمپس میں منعقدہ اجلاس میں کہا کہ سافٹ ویئر ملازمین کی ٹرانسپورٹ ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے بس خدمات کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔
حیدرآباد: حیدرآباد کے آئی ٹی کوریڈور میں عوامی ٹرانسپورٹ سہولیات کو مزید مستحکم کیا جارہا ہے۔ تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (ٹی جی ایس آر ٹی سی) کے منیجنگ ڈائریکٹر وی سی سجنار نے بتایا کہ آنے والے دنوں میں 275 نئی الیکٹرک بسیں شامل کی جائیں گی۔
فی الحال اس علاقہ میں 200 الیکٹرک بسیں چل رہی ہیں۔ سجنار نے پیر کی شام ہائی ٹیک سٹی میں ٹیک مہندرا کیمپس میں منعقدہ اجلاس میں کہا کہ سافٹ ویئر ملازمین کی ٹرانسپورٹ ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے بس خدمات کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ آئی ٹی کمپنیوں کو اپنے ملازمین کے محفوظ سفری انتظام کے لئے بسیں کرائے پر لینے کی سہولت دی گئی ہے۔ الیکٹرک بسوں کے ساتھ ساتھ میٹرو ڈیلکس بسیں بھی کرائے پر دستیاب ہیں اور کمپنیوں کو ان سہولیات سے فائدہ اٹھانے کی ترغیب دی جارہی ہے۔
سجنار نے کہا کہ آئی ٹی کوریڈور میں ٹریفک جام کی بڑی وجہ نجی گاڑیوں کا کثرت سے استعمال ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ٹریفک مسائل کو کم کرنے اور ماحولیاتی تحفظ کے لئے عوامی ٹرانسپورٹ ہی واحد مؤثر متبادل ہے۔
انہوں نے آئی ٹی کمپنیوں پر زور دیا کہ وہ ملازمین کو پبلک ٹرانسپورٹ کے استعمال کی ترغیب دیں۔انہوں نے تجویز دی کہ جو ملازمین نجی گاڑیوں کے بجائے بسوں کا انتخاب کریں انہیں خصوصی مراعات دینے پر غور کیا جائے۔
اجلاس میں آر ٹی سی کے سینئر عہدیداروں نے آئی ٹی کوریڈور میں موجودہ ٹرانسپورٹ خدمات پر تفصیلی پریزنٹیشن دی۔ کئی آئی ٹی کمپنیوں کے نمائندوں نے تجاویز پیش کیں جنہیں حکام نے غور میں لینے کا یقین دلایا۔
یہ اجلاس ٹی جی ایس آر ٹی سی، ایسوچیم (ایسوسی ایٹڈ چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری آف انڈیا) اور تلنگانہ فسیلٹی مینجمنٹ کونسل (ٹی ایف ایم سی) کے اشتراک سے منعقد ہوا۔