منوبھاکر اور گوکیش کے بشمول 4 اتھلیٹس کو کھیل رتن ایوارڈ
منو اور گوکیش کے علاوہ ہندوستانی مردوں کی ہاکی ٹیم کے کپتان ہرمن پریت سنگھ اور پیرا اولمپئن پراوین کمار کو بھی کھیل رتن ایوارڈ دیا جائے گا۔ وزارت کھیل نے ایک بیان میں کہاکہ کمیٹی کی سفارشات اور حکومت کی تحقیقات کی بنیاد پر کھلاڑیوں، کوچز اور یونیورسٹیوں کو ایوارڈ دینے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔
نئی دہلی: پیرس اولمپکس میں دو اولمپک تمغے جیتنے والی ہندوستانی خاتون شوٹر منو بھاکر اور عالمی شطرنج چمپئن شپ کے فاتح ہندوستانی گرانڈ ماسٹر ڈی گوکیش سمیت 4 کھلاڑیوں کو کھیل رتن ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔ وزارت کھیل نے جمعرات کو قومی کھیل ایوارڈ 2024 کا اعلان کیا۔ صدرجمہوریہ دروپدی مرمو 17 جنوری کو راشٹرپتی بھون میں فاتحین کو اعزاز دیں گی۔
منو اور گوکیش کے علاوہ ہندوستانی مردوں کی ہاکی ٹیم کے کپتان ہرمن پریت سنگھ اور پیرا اولمپئن پراوین کمار کو بھی کھیل رتن ایوارڈ دیا جائے گا۔ وزارت کھیل نے ایک بیان میں کہاکہ کمیٹی کی سفارشات اور حکومت کی تحقیقات کی بنیاد پر کھلاڑیوں، کوچز اور یونیورسٹیوں کو ایوارڈ دینے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔
22 سالہ مانو ایک ہی اولمپکس میں دو تمغے جیتنے والی آزاد ہندوستان کی پہلی کھلاڑی ہیں جنہوں نے اگست میں پیرس اولمپکس میں 10 میٹر ایئر پسٹل انفرادی اور مکسڈ ٹیم ایونٹس میں کانسی کے تمغے جیتے تھے۔ پیرس اولمپکس میں ہی ہرمن پریت سنگھ کی کپتانی میں ہندوستان نے لگاتار دوسری اولمپک میں تمغہ جیتا تھا۔ 18 سالہ گوکیش سب سے کم عمر عالمی چمپئن بنے اور گزشتہ سال شطرنج اولمپیاڈ میں ہندوستانی ٹیم کے تاریخی گولڈ میڈل میں بھی ان کا اہم کردار تھا۔
پیرا ہائی جمپر پراوین نے پیرس پیرالمپکس میں T64 زمرہ میں گولڈ میڈل جیتا تھا۔ یہ ان کھلاڑیوں کا ایک زمرہ ہے جن کی ایک یا دونوں ٹانگیں گھٹنے کے نیچے نہیں ہیں اور وہ دوڑنے کیلئے مصنوعی ٹانگ پر منحصر ہیں۔ کھیل رتن کے علاوہ 34 کھلاڑیوں کو 2024 میں کھیلوں میں ان کی شاندار کارکردگی کیلئے ارجن ایوارڈ سے نوازا جائے گا جن میں سے اتھلیٹ سوچا سنگھ اور پیرا سوئمر مرلیکانت راجا رام پیٹکر کو ارجن ایوارڈ لائف ٹائم ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔
بہتر کوچنگ دینے پر 5 لوگوں کو ڈروناچاریہ ایوارڈ دیا جائے گا جس میں بیاڈمنٹن کوچ ایس مرلی دھرن اور فٹبال کوچ ارمینڈو اگنیلو کولاکو کو تاحیات زمرہ میں شامل کیاگیاہے۔ فزیکل ایجوکیشن فاؤنڈیشن آف انڈیا نیشنل اسپورٹس پروموشن ایوارڈ حاصل کرے گی۔
دریں اثنا چندی گڑھ یونیورسٹی کو مجموعی طورپر یونیورسٹی کی فاتح کے طورپر مولانا ابوالکلام آزاد ٹرافی ملے گی۔ لولی پروفیشنل یونیورسٹی فرسٹ رنر اپ اور امرتسر گرو نانک دیو یونیورسٹی سکنڈ رنر اپ رہی۔ واضح رہے کہ کھیل رتن ایوارڈ ہندوستان میں کھیلوں کے میدان میں دیا جانے والا سب سے بڑا کھیل ایوارڈ ہے۔
یہ ایوارڈ سال 1991-92 میں شروع کیاگیا تھا۔ یہ ایوارڈ حکومت ہند کی ’منسٹری آف اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز‘ کی طرف سے ہرسال پیش کیا جاتا ہے۔ اس ایوارڈ کیلئے منتخب ہونے والوں کو صدرجمہوریہ دروپدی مرمو کے ہاتھوں ایک سرٹیفکیٹ، ایک میڈل اور 25 لاکھ روپے کی نقد رقم بطور انعام دی جاتی ہے۔