نیرج چوپڑا کے گولڈ میڈل جیتنے پر لاکھوں لوگوں کو مفت ویزا کی پیشکش
پیرس اولمپکس میں دنیا بھر سے کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔ ہندوستان نے اب تک 3 تمغے جیتے ہیں۔ تینوں تمغے شوٹنگ میں آئے ہیں۔ منو بھاکر نے مختلف مقابلوں میں دو تمغے جیتے ہیں۔
پیرس: پیرس اولمپکس میں دنیا بھر سے کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔ ہندوستان نے اب تک 3 تمغے جیتے ہیں۔ تینوں تمغے شوٹنگ میں آئے ہیں۔ منو بھاکر نے مختلف مقابلوں میں دو تمغے جیتے ہیں۔
ہندوستان کے اسٹار کھلاڑی اور ٹوکیو اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے والے نیرج چوپڑا گولڈ میڈل جیتنے کے مضبوط دعویداروں میں سے ایک ہیں۔ اس بار بھی پورے ملک کو ان سے امیدیں ہیں۔ دریں اثنا ہندوستانی نژاد سی ای او نے نیرج چوپڑا کی جیت پر لاکھوں لوگوں کو شاندار تحفہ دینے کا اعلان کیا ہے۔
امریکہ کے شہر سان فرانسسکو میں آن لائن ویزا اپلیکشن پلیٹ فارم کمپنی اٹلس کے بانی اور سی ای او موہک ناہٹا نے نیرج چوپڑا کے گولڈ جیتنے پر لوگوں کو خصوصی تحفہ دینے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہاکہ اگر نیرج چوپڑا پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتتے ہیں تو ان کی کمپنی تمام لوگوں کو مفت ویزا دے گی۔
انہوں نے یہ پوسٹ لنکڈ ان پر شیئر کی ہے۔ مفت شرائط و ضوابط کو اس پوسٹ میں تفصیل سے بیان کیاگیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس کیلئے کوئی چارج نہیں ہوگا اور صارفین کسی ایک ملک کیلئے ویزا فری منتخب کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ میں نے 30 جولائی کو فری ویزا دینے کا وعدہ کیا تھا۔
اس کیلئے صرف ایک شرط ہے کہ نیرج چوپڑا گولڈ میڈل جیتیں۔ اس کے بعد لوگ مسلسل اس کے بارے میں مزید معلومات مانگ رہے تھے۔ ایسی صورتحال میں انہوں نے بتایاکہ اگر وہ گولڈ میڈل جیتتے ہیں تو صارفین کو کسی قسم کی ویزا فیس ادا نہیں کرنی پڑے گی۔
سی ای او موہک ناہٹا نے کہا کہ اس پیشکش سے فائدہ اٹھانے کیلئے صارفین کو اپنا ای میل اڈریس کمنٹس میں شیئر کرنا چاہیے۔ کمپنی ای میل کے ذریعہ مفت ویزا کریڈٹ کیلئے ایک اکاؤنٹ بنائے گی۔ کمپنی کی اس پیشکش کی وجہ سے لوگوں میں جوش و خروش بڑھ گیا ہے اور یہ پوسٹ تیزی سے وائرل ہورہی ہے۔
واضح رہے کہ جیولین تھرو کا کوالیفکیشن راؤنڈ 6 اگست کو ہونے والا ہے۔ نیرج چوپڑا 8 اگست کو گولڈ میڈل کیلئے کوشش کریں گے۔ اگر نیرج چوپڑا گولڈ میڈل جیتتے ہیں تو وہ ایسا کرنے والے پہلے ہندوستانی کھلاڑی بن جائیں گے۔