463 پولیس ملازمین مرکزی ایوارڈ کے لئے نامزد
مختلف ریاستوں اور مرکزی اداروں کے زائداز 460 پولیس ملازمین کو ان کی بہترین خدمات اور اعلیٰ پیشہ وارانہ معیارات کو فروغ دینے پر ”کیندریہ گرہا منتری دکشتا پدک“ برائے 2024 کے لئے نامزد کیا گیا ہے۔
نئی دہلی (پی ٹی آئی) مختلف ریاستوں اور مرکزی اداروں کے زائداز 460 پولیس ملازمین کو ان کی بہترین خدمات اور اعلیٰ پیشہ وارانہ معیارات کو فروغ دینے پر ”کیندریہ گرہا منتری دکشتا پدک“ برائے 2024 کے لئے نامزد کیا گیا ہے۔
ایک سرکاری بیان میں کہا گیا کہ یہ ایوارڈس خصوصی کارروائیوں‘ تحقیقات اور فارنسک سائنس میں غیرمعمولی خدمات پر عطا کئے جاتے ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ مختلف ریاستوں‘ مرکزی زیرانتظام علاقوں‘ مرکزی مسلح پولیس فورسس اور مرکزی پولیس تنظیموں کے 463 ارکان ِ عملہ کو سال 2024 کے اس ایوارڈ کے لئے منتخب کیا گیا ہے۔
وزیراعظم نریندر مودی کی زیرقیادت اور مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کی رہنمائی میں شروع کیا گیا یہ ایوارڈ تمام پولیس ملازمین کی حوصلہ افزائی کرے گا۔
اس میڈل کا ہر سال 31 اکتوبر کو سردار ولبھ بھائی پٹیل کے یوم ِ پیدائش کے موقع پر اعلان کیا جاتا ہے۔ ایوارڈ یافتگان کی فہرست مرکزی وزارت ِ داخلہ کی ویب سائٹ پر دستیاب ہے۔