نیویارک میں ہیلی کاپٹر کے حادثے میں 6 افراد ہلاک
امریکہ کے مینہٹن میں پیئر 40 کے نزدیک دریائے ہڈسن میں جمعرات کی دوپہر ایک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا جس میں سوار تمام چھ افراد ہلاک ہو گئے۔ نیویارک شہر کے میئر ایرک ایڈمز نے پریس کانفرنس میں یہ اطلاع دی۔

نیویارک: امریکہ کے مینہٹن میں پیئر 40 کے نزدیک دریائے ہڈسن میں جمعرات کی دوپہر ایک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا جس میں سوار تمام چھ افراد ہلاک ہو گئے۔ نیویارک شہر کے میئر ایرک ایڈمز نے پریس کانفرنس میں یہ اطلاع دی۔
نیویارک سٹی پولس ڈپارٹمنٹ کی کمشنر جیسکا ٹِش کے مطابق، اس میں ایک پائلٹ، دو بالغ افراد اور تین بچے شامل تھے۔ انہوں نے بتایا کہ چار لوگوں کی موقع پر ہی موت ہوگئی، جب کہ دو شدید زخمی ہوگئے اور انہیں اسپتال لے جایا گیا، جہاں علاج کے دوران دونوں کی موت ہوگئی۔ بتایا جاتا ہے کہ پانچوں مسافر اسپین کے سیاح تھے۔
جیسکا ٹِش کے مطابق، ہیلی کاپٹر نیو جرسی کے ساحل کی طرف آگے بڑھنے کے لیے جارج واشنگٹن برج پر مڑنے کے فوراً بعد بے قابو ہوگیا۔ حادثے کی وجہ کی تفتیش جاری ہے۔
مقامی میڈیا نے رپورٹ کیا کہ ہیلی کاپٹر، بیل 206 ماڈل کا تھا جو تجارتی اور سرکاری ہوا بازی میں بڑے پیمانے پر استعمال ہوتا ہے، وہ مقامی وقت کے مطابق سہ پہر 3:15 بجے ٹوٹ کر دوحصوں میں تقسیم ہو گیا۔ نیو یارک سٹی کے علاقے میں 2018 کے بعد سے یہ سب سے مہلک ہیلی کاپٹر حادثہ ہے۔