بہار کے مندر میں بھگدڑ‘7افراد ہلاک
عہدیداروں کا کہنا ہے کہ مہلوکین کے ورثاء کو 4لاکھ روپے ایکس گریشیاء کے علاوہ 20ہزار روپے انتم سنسکار (آخری رسومات) کے لئے دئے جائیں گے۔
جہان آباد(بہار): بہار کے ضلع جہان آباد کے باباسدیشورناتھ مندر میں بھگدڑ میں کم از کم 7 افراد بشمول 6 عورتیں ہلاک اور دیگر 15 زخمی ہوگئے۔ ایک عہدیدار نے پیر کے دن یہ بات بتائی۔ ضلع مجسٹریٹ النکریتا پانڈے نے کہا کہ مندر میں بھگدڑ اتوار کی رات 11:30بجے کے آس پاس مچی۔
انہوں نے کہا کہ سیکوریٹی عملہ نے صورتحال پر فوری قابو پالیا۔ 7 افراد (بیشتر کانوڑی) ہلاک اور دیگر 16زخمی ہوگئے۔ باباسدیشورناتھ مندر برابرپہاڑی علاقہ میں واقع ہے۔ چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے واقعہ پر دکھ ظاہر کیا اور ہدایت دی کہ مہلوکین کے ورثاء کو فی کس 4لاکھ روپے ایکس گریشیاء دی جائے۔
زخمیوں کا ممکنہ حدتک بہترین علاج کیا جائے۔ چیف منسٹر کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ چیف منسٹر نے ایکس گریشیاء کی رقم فوری ادا کرنے کی ہدایت دی۔ زخمیوں کو مکنداپور اور قریبی علاقوں کے دواخانوں کو لے جایا گیا۔ 10کو ابتدائی طبی امداد (فرسٹ ایڈ) دینے کے بعد ڈسچارج کردیا گیا، جبکہ 6ابھی بھی زیرعلاج ہیں۔
ضلع انتظامیہ اور پولیس کے سینئر عہدیدار بھکتوں کی بھیڑ کے مدنظر مندر میں تعینات تھے۔ سیکوریٹی عملہ نے فوری صورتحال پر قاپو پالیا۔ ضلع مجسٹریٹ نے اشارہ دیا کہ کانوڑیوں میں جھگڑے کی وجہ سے بھگدڑ مچی ہوگی۔ حقیقی وجہ کیا تھی اس کی تحقیقات جاری ہیں۔ انکوائری کا حکم دے دیا گیا ہے۔
بعض مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ مندر میں کانوڑویوں کے ایک گروپ اور پھول بیچنے والوں میں بحث و تکرار ہوئی۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ مہلوکین کے ورثاء کو 4لاکھ روپے ایکس گریشیاء کے علاوہ 20ہزار روپے انتم سنسکار (آخری رسومات) کے لئے دئے جائیں گے۔
زخمیوں کو فی کس 50ہزار روپے ملیں گے۔ اسی دوران آر جے ڈی قائدین لالوپرساد یادو، رابڑی دیوی اور تیجسوی یادو نے واقعہ پر دکھ ظاہر کیا۔