لیڈی ڈاکٹر قتل کیس اتوار تک حل نہ ہوا تو تحقیقات سی بی آئی کو سونپ دونگی: ممتابنرجی
ممتا بنرجی نے مقتول ڈاکٹر کے مکان کا دورہ کرنے کے بعد کولکتہ میں میڈیا نمائندوں سے کہا کہ میں چاہتی ہوں کہ پولیس خاطیوں کو جلد سے جلد پکڑ لے۔ وہ اتوار تک اگر کیس حل نہ کرپائی تو ہم کیس سی بی آئی کو دے دیں گے۔
کولکتہ: چیف منسٹر مغربی بنگال ممتابنرجی نے پیر کے دن کہا کہ پولیس اگر اتوار تک کیس حل نہ کرپائی تو وہ آر جی کار ہاسپٹل ڈاکٹر قتل کی تحقیقات سی بی آئی کو سونپ دیں گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ چاہتی ہیں کہ یہ کیس فاسٹ ٹریک عدالت میں چلے۔
انہوں نے مقتول ڈاکٹر کے مکان کا دورہ کرنے کے بعد کولکتہ میں میڈیا نمائندوں سے کہا کہ میں چاہتی ہوں کہ پولیس خاطیوں کو جلد سے جلد پکڑ لے۔ وہ اتوار تک اگر کیس حل نہ کرپائی تو ہم کیس سی بی آئی کو دے دیں گے۔ مرکزی ایجنسی کے ذریعہ تحقیقات کرانے میں مجھے کوئی مسئلہ نہیں، لیکن اس کی کامیابی کی شرح کم ہے۔
چیف منسٹر نے چند ہائی پروفائل کیسس کا ذکر کیا جنہیں سی بی آئی حل نہیں کرسکی۔ ایک خاتون پوسٹ گریجویٹ ٹرینی ڈاکٹر کی لاش جمعہ کی صبح پائی گئی تھی۔ اس لیڈی ڈاکٹر کو دواخانہ کے سمینار ہال میں مبینہ عصمت ریزی کے بعد قتل کردیا گیا۔
ہفتہ کے دن ایک سیوک والنٹیر کو اس کیس کے سلسلہ میں گرفتار کیا گیا۔ ممتابنرجی نے کہا کہ مقتول ڈاکٹر کے ارکان خاندان کو شبہ ہے کہ اندر کا کوئی آدمی اِس میں ملوث ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ میں نے پولیس سے کہہ دیا کہ اگر کسی کے تعلق سے ایسا کوئی شبہ ہے تو مقتول کے دوستوں اور دیگر سے پوچھ تاچھ کی جانی چاہئے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہاسپٹل کے پرنسپل نے استعفیٰ دے دیا ہے۔ ہم نے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ اور وائس پرنسپل کو بھی لاپرواہی کی بنیاد پر ہٹادیا ہے۔ شعبہ امراض سینہ کے سربراہ اور کولکتہ پولیس کے اے سی پی انچارج آر جی کار ہاسپٹل کو بھی ہٹادیا گیا۔
چیف منسٹر نے ہفتہ کے دن کہا تھا کہ وہ ملزم کو پھانسی دلانا چاہتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ یہ کیس فاسٹ ٹریک عدالت میں چلے۔ ہم سزائے موت کا مطالبہ کریں گے۔ بعض لوگ بھول گئے ہیں کہ سماج میں کیسے رہنا ہے۔ کولکتہ کے پولیس کمشنر ونیت گوئل بھی چیف منسٹر کے ساتھ مقتول لیڈی ڈاکٹر کے گھر گئے۔