حیدرآباد

مادھاپور انجیا نگر میں زیرِ تعمیر 7 منزلہ عمارت منہدم

عمارت کے ملبے کے نیچے کچھ افراد کے پھنسے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، جس کے بعد ریسکیو آپریشن شروع کردیا گیا ہے

 حیدرآباد    : حیدرآباد کے مادھاپور پولیس اسٹیشن حدود میں انجیا نگر میں سڑک سے متصل صرف 50 گز اراضی پر تعمیر کی جانے والی 7 منزلہ زیرِ تعمیر عمارت اچانک منہدم ہوگئی۔ بتایا گیا ہے کہ عمارت کی تعمیر کچھ دنوں سے رکی ہوئی تھی، تاہم اچانک پوری عمارت زمین بوس ہوگئی۔ حادثے کے بعد قریبی علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور قریبی ہاسٹلز میں موجود افراد خوف کے مارے باہر نکل آئے۔

عمارت کے ملبے کے نیچے کچھ افراد کے پھنسے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، جس کے بعد ریسکیو آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔ پولیس بھی اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ گئی اور امدادی کارروائیوں کی نگرانی شروع کردی۔ حادثے میں قریب واقع وائٹ فیلڈ اپارٹمنٹس کی 5 منزلہ عمارت کو بھی جزوی نقصان پہنچنے کی اطلاع ہے۔

مقامی لوگو نے الزام عائد کیا ہے کہ مالک نے مبینہ طور پر لالچ کے باعث تعمیراتی قوانین اور ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غیر قانونی تعمیرات کیں۔ تاہم اس بارے میں حتمی طور پر کچھ کہنا قبل از وقت ہے اور پولیس و متعلقہ حکام کی تحقیقات کے بعد ہی اصل وجوہات سامنے آئیں گی۔

فی الحال پولیس اور ریسکیو ٹیمیں ملبہ ہٹانے اور ممکنہ طور پر پھنسے افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔