کیئرٹیکر کے حملے میں 70سالہ شخص کی موت، بیوی زخمی
ممبئی میں ایک کیر ٹیکر نے اپنے آجر معمر جوڑے پر حملہ کردیا جس میں مرد کی موت ہوگئی جبکہ اس کی بیوی زخمی ہوگئی۔

ممبئی: ممبئی میں ایک کیر ٹیکر نے اپنے آجر معمر جوڑے پر حملہ کردیا جس میں مرد کی موت ہوگئی جبکہ اس کی بیوی زخمی ہوگئی۔
یہ واردات پیر کی رات جوگیشوری میں پیش آئی۔ پپو گاولی نامی کیرٹیکر کو بعد ازاں دادر ریلوے اسٹیشن پر گرفتار کرلیا گیا۔ وہ اپنے آبائی مقام کو فرار ہونے کی کوشش کررہا تھا۔
یہ واردات جوگیشوری کی ہاؤسنگ سوسائٹی میں واقع مکان میں پیش آئی جس میں سینئر شہری سدھیر چپلونکر (70) کی موت جبکہ ان کی بیوی سپریہ چپلونکر (69) زخمی ہوگئیں۔
پولیس کے مطابق گاولی‘ ڈکیتی کے ارادہ سے اپنے آجرین کے مکان میں داخل ہوا اور جوڑے پر تیز دھارہتھیار سے حملہ کردیا۔ سدھیر چپلونکر کی برسرموقع موت ہوگئی جبکہ ان کی بیوی‘ شدید زخمی ہونے کے باوجود پڑوسیوں اور عمارت کے دیگر مکینوں کو اطلاع دینے کھڑکیوں کے باہر گھر کا سامان پھینکنے لگی۔
ایک پڑوسی نے پولیس کو اطلاع دی جو موقع پر پہنچی اور جوڑے کو قریبی دواخانہ منتقل کیا گیا جہاں سدھیر چپلونکر کو مردہ قرار دیا۔ کیرٹیکر کو گرفتار کرنے خصوصی پولیس ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں۔