دہلی

ایر انڈیا ایکسپریس کی75پروازیں منسوخ

ایرانڈیا ایکسپریس نے کیبن عملہ کی قلت کے سبب جمعہ کے روز تقریباً75 پروازوں کومنسوخ کردیا۔ توقع ہے کہ معمول کی پروازیں اتوارتک بحال ہوجائیں گی۔

ممبئی/ نئی دہلی: ایرانڈیا ایکسپریس نے کیبن عملہ کی قلت کے سبب جمعہ کے روز تقریباً75 پروازوں کومنسوخ کردیا۔ توقع ہے کہ معمول کی پروازیں اتوارتک بحال ہوجائیں گی۔

متعلقہ خبریں
25پروازوں میں بم کی اطلاع

کیبن عملہ کے بیشترارکان نے گذشتہ روز اپنی ہڑتال منسوخ کردی تھی۔ پروازوں کی منسوخی اورمسافرین کومعاوضہ ادائیگی کی وجہ سے تقریباً30کروڑروپے کانقصان ہونے کا اندیشہ ہے۔

کیبن عملہ کے ارکان نے منگل کی رات ہڑتال شروع کی تھی جس کے نتیجہ میں جمعرات کی شام تک زائد از170 پروازوں کومنسوخ کرنا پڑا۔ ایرلائن نے25ارکان عملہ کوجاری کردہ برطرفی کے مکتوب بھی واپس لے لئے ہیں۔

ایک عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پربتایاکہ جمعہ کے روز تقریباً75پروازیں منسوخ کی گئیں۔ ایر لائن نے جمعرات کی دوپہر کہاتھاکہ اس نے 85 پروازیں منسوخ کی ہیں جویومیہ صلاحیت کا تقریباً23 فیصد حصہ ہیں۔

ٹاٹاگروپ کی ایر لائن روزانہ تقریباً380پروازیں چلاتی ہیں۔ ہڑتال کی وجہ سے اس نے اپنی سرگرمیوں میں کمی لائی ہے۔منگل کی رات سے اب تک زائد260پروازوں کومنسوخ کیاگیاہے۔