حیدرآباد

تلنگانہ سکریٹریٹ کا 90 فیصد تعمیری کام مکمل، جلد افتتاح

 تین شفٹوں میں تقریباً تین ہزار مزدور کام کر رہے ہیں۔ فی الحال سکریٹریٹ کے اوپری حصے پر گنبدوں کی تنصیب کا کا کام جاری ہے۔ توقع ہے کہ گنبدوں کی تنصیب کا کام دس دنوں میں مکمل کر لیا جائے گا۔

حیدرآباد: تلنگانہ سکریٹریٹ کا 90 فیصد سے زیادہ تعمیری کام مکمل ہو چکا ہے۔ دیگر کام بھی تیز رفتاری سے جاری ہیں۔

 تین شفٹوں میں تقریباً تین ہزار مزدور کام کر رہے ہیں۔ فی الحال سکریٹریٹ کے اوپری حصے پر گنبدوں کی تنصیب کا کا کام جاری ہے۔ توقع ہے کہ گنبدوں کی تنصیب کا کام دس دنوں میں مکمل کر لیا جائے گا۔

ساتھ ہی مندر کے لیے 1500 گز، گرجا گھر کے لئے 500 گز اور مسجد کے لئے 1500 گز کی جگہ چھوڑی گئی تھی۔ ان عبادت گاہوں کے تعمیری کام بھی جاری ہیں۔

محکمہ عمارات و شوارع کے ذرائع نے بتایا کہ تمام جاری کام ڈیڑھ سے دو ماہ کے اندر مکمل کر لئے جائیں گے۔ نیا سکریٹریٹ آئندہ سنکرانتی تک مکمل تعمیر ہو جائے گا۔

محکمہ عمارات وشوارع، سکریٹریٹ کا تمام کام مکمل کر کے جنوری میں جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ (جی اے ڈی) کے حوالے کر دے گا۔

دوسری طرف وزیراعلی کے چندرشیکھرراؤ نے ہنوز کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے کہ نئے سکریٹریٹ سے حکومت چلانے کے امور کب شروع کئے جائیں گے۔ سمجھا جاتا ہے وزیراعلی کے سی آر جلد ہی اس کے افتتاح کے بارے میں کوئی فیصلہ لیں گے۔  

تلنگانہ سکریٹریٹ کے احاطے میں دو بڑے فوارے بھی تعمیر کئے جارہے ہیں۔ آر اینڈ بی ذرائع نے بتایا کہ وزراء، متعلقہ محکموں کے پرنسپال سکریٹریز کے چیمبرز اور سیکشن دفاتر بھی تیزی سے تیار کئے جا رہے ہیں۔ آر اینڈ بی حکام نے انکشاف کیا کہ وائرنگ اور فرنیچر کا انتظام تقریباً مکمل ہو چکا ہے۔

نئے سکریٹریٹ کا مکمل رقبہ 8.90 لاکھ مربع فٹ ہے۔ وزیراعلی کے چندرشیکھرراؤ نے جون 2019 میں سکریٹریٹ کی تعمیر کے لئے سنگ بنیاد رکھا تھا۔ مقدمات کی وجہ سے تعمیراتی کام میں تاخیر ہوئی تھی۔ دسمبر 2020 میں اس کا کام شروع ہوا۔