تلنگانہ

تلنگانہ اور اے پی کے مسائل پر دہلی میں اہم اجلاس

اس سلسلہ میں وزارت داخلہ نے دونوں تلگو ریاستوں تلنگانہ اور آندھرا پردیش کو اطلاع بھیجی اور ان سے اس اجلاس میں شرکت کی خواہش کی۔

حیدرآباد: متحدہ آندھراپردیش کی تقسیم کے ذریعہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد موجودہ آندھراپردیش اور تلنگانہ کے مسائل کے سلسلہ میں مرکزی وزارت داخلہ نے اس ماہ کی 23 تاریخ کودہلی میں اجلاس طلب کیا ہے۔

قومی دارالحکومت نئی دہلی میں ہونے والے اس اہم اجلاس کی قیادت داخلہ سکریٹری اجے بھلا کریں گے۔ اس سلسلہ میں وزارت داخلہ نے دونوں تلگو ریاستوں تلنگانہ اور آندھرا پردیش کو اطلاع بھیجی اور ان سے اس اجلاس میں شرکت کی خواہش کی۔

 مرکز نے اس مجوزہ اجلاس میں تقسیم کے مسائل پر مکمل تبادلہ خیال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سے قبل 27 ستمبر کو ہوئے اجلاس میں مرکز نے سات مشترکہ مسائل پر تبادلہ خیال کیا تھا۔ مرکزی عہدیداروں نے اے پی سے متعلق سات مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔

آندھراپردیش تنظیم جدید قانون میں کی گئی یقین دہانیوں، مختلف مسائل کو 10سال میں حل کرنے کی گنجائش رکھی گئی ہے۔تلنگانہ کی تشکیل کے بعد پچھلے آٹھ سالوں میں ان دو جنوبی ہند کی اہم پڑوسی ریاستوں کے کئی مسائل زیرالتوا ہیں۔

مرکز کا ماننا ہے کہ یہ مسائل حل کئے جانے چاہئے جس سے تلگو ریاستوں کے درمیان کوئی مسئلہ نہیں ہونا چاہئے۔ 27 ستمبر کو ہوئے اجلاس میں ان مسائل کے سلسلہ میں کوئی فیصلہ نہیں کیاجاسکا تھا۔