عالمی دباؤ مسترد، اسرائیل رفح پر حملہ کیلئے پوری طرح تیار
اسرائیل نے کہا ہے کہ وہ رفح شہر پر حملہ کرنے کا ارادہ رکھتا ہے جہاں دس لاکھ سے زیادہ لوگ رہتے ہیں جس پر ردعمل دیتے ہوئے عبدالفتاح السیسی نے جبری انخلا کی مذمت کی ہے۔

تل ابیب: اسرائیل نے رفح پر حملے کی تیاری کے لیے انفنٹری بریگیڈ کو واپس بلا لیا۔ اسرائیلی فوج نے ٹائمز آف اسرائیل کو بتایا کہ اسرائیلی فوج کی اہم انفنٹری یونٹوں میں سے ایک نہال بریگیڈ کو غزہ سے واپس لے لیا گیا ہے تاکہ رفح پر حملے کی تیاری کی جا سکے۔
ٹائمز آف اسرائیل کی رپورٹ کے مطابق بریگیڈ، جس نے حال ہی میں وسطی غزہ میں پانچ آپریشن مکمل کیے ہیں اب اسے آرام کرنے، تربیت دینے اور "مستقبل کے حملوں” کے منصوبوں کا جائزہ لینے کے لیے وقت دیا جا رہا ہے۔
ایک سینئر اسرائیلی دفاعی اہلکار نے رائٹرز کو بتایا کہ فوج رفح میں منتقل ہونے کے لیے پوری طرح تیار ہے اور صرف حکومت کی جانب سے آگے بڑھنے کا انتظار کر رہی ہے۔
اقوام متحدہ کے طبی حکام نے خبردار کیا ہے کہ رفح پر مکمل حملہ جہاں تقریباً 1.5 ملین بے گھر فلسطینی پناہ گزین ہیں ایک انسانی تباہی ہو گی۔
اسرائیل نے کہا ہے کہ وہ رفح شہر پر حملہ کرنے کا ارادہ رکھتا ہے جہاں دس لاکھ سے زیادہ لوگ رہتے ہیں جس پر ردعمل دیتے ہوئے عبدالفتاح السیسی نے جبری انخلا کی مذمت کی ہے۔
اسرائیل کا کہنا ہے کہ وہ غزہ کے سرحدی شہر سے شہریوں کو نکالے گا اور اتحادیوں کے انتباہ کے باوجود اس پر حملہ کرے گا جس سے بڑے پیمانے پر جانی نقصان ہو سکتا ہے۔