کھیل

بابر۔رضوان ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کیلئے خطرناک جوڑی قرار

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے اگلے ہفتے آسٹریلیا میں شروع ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2022 کیلئے تمام 16 ٹیموں کے اوپنرز کی درجہ بندی کردی ہے۔

دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے اگلے ہفتے آسٹریلیا میں شروع ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2022 کیلئے تمام 16 ٹیموں کے اوپنرز کی درجہ بندی کردی ہے۔

حیران کن بات یہ ہے کہ ہندوستان کے روہت شرما اور کے ایل راہول کو نمبر 2 پر رکھا گیا ہے جبکہ آئی سی سی نے پاکستان کے اوپنر بابراعظم اور محمد رضوان کو ٹورنامنٹ کی خطرناک ترین جوڑی کے طورپر پہلے نمبر پر رکھاہے۔

اگر اعداد وشمار پر نظر ڈالیں تو ہندوستان کی اوپننگ جوڑی کو پہلے نمبر پر ہونا چاہیے کیونکہ جب آخری پانچ پانچ ٹی ٹوئنٹی میچوں کی بات کی جائے تو پاکستان کے اوپنرز نے 392 رنز بنائے ہیں۔ ساتھ ہی ہندوستانی اوپنرز نے اپنے آخری 5-5 میچوں میں 280 رنز بنائے۔

تاہم ہندوستانی بلے بازوں کا اسٹرائیک ریٹ 140-140 سے زیادہ ہے جبکہ پاکستانی ٹیم کے اوپنرز کا اسٹرائیک ریٹ 130 یا اس سے کم ہے۔ آئی سی سی نے نیوزی لینڈ کے ڈیون کانوے اور مارٹن گپٹل کو تیسرے نمبر پر رکھاہے جبکہ میزبان آسٹریلیا کے آرون فنچ اور ڈیوڈ وارنر کو چوتھے نمبر پر رکھا گیاہے۔

سری لنکا کے پاتھم نسانکا اور کوسل منڈس پانچویں نمبر پر ہیں جبکہ افغانستان کے رحمان اللہ گرباز اور حضرت اللہ زازئی چھٹے نمبر پر ہیں۔ آئی سی سی نے انگلینڈ کے جوس بٹلر اور ایلکس ہیلز کو ساتویں نمبر کی جوڑی قرار دیاہے۔

الیکس ہیلز اور جوس بٹلر اعداد وشمار میں بھلے ہی پیچھے ہوں لیکن وہ یقیناً ٹاپ 4 رینک والے اوپنرز ہیں۔ جنوبی افریقہ کے کوئنٹن ڈی کاک اور ٹمبا باوما آٹھویں نمبر پر ہیں جبکہ آئرلینڈ کے پال اسٹرلنگ اور اینڈی بالبرنی نویں نمبر پر ہیں۔ متحدہ عرب امارات کے محمد وسیم اور چراغ سوری 10ویں نمبر پر ہیں۔

ویسٹ انڈیز (برینڈن کنگ اور کائل میئرز) 11 ویں نمبر پر، اسکاٹ لینڈ (جارج منسی اور کالم میکلوڈ) 12 ویں، زمبابوے (کریگ ارون اور ریگس چاکابا) 13 ویں نیدرلینڈز (میکس او ڈاؤڈ اور اسٹیفن میبرگ) شامل ہیں۔