مودی کی تیسری میعاد کیلئے کرناٹک کی 102 سالہ خاتون کی پدیاترا (ویڈیو)
کرناٹک کی 102 سالہ خاتون کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا ہے جو پدیاترا کررہی ہے‘ جنگل سے گزررہی ہے‘ مشہور مالے مہادیشور پہاڑی پر چڑھ رہی ہے اور وزیراعظم نریندر مودی کی تیسری میعاد کے لئے پرارتھنا کررہی ہے۔
بنگلورو: کرناٹک کی 102 سالہ خاتون کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا ہے جو پدیاترا کررہی ہے‘ جنگل سے گزررہی ہے‘ مشہور مالے مہادیشور پہاڑی پر چڑھ رہی ہے اور وزیراعظم نریندر مودی کی تیسری میعاد کے لئے پرارتھنا کررہی ہے۔
ضلع ٹمکورو کے ٹپٹور ٹاؤن سے تعلق رکھنے والی پاروتماں نے بھگوان مہادیشور کا درشن کرنے 18 کیلو میٹر کا سفر پیدل طئے کیا اور مالے مہادیشور مندر کا دورہ کیا۔
دیگر یاتریوں کو اس بزرگ خاتون سے اس دشوار سفر کے بارے میں دریافت کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی کو دوبارہ برسراقتدار آنا چاہئے۔
اس سوال پر کہ اگر مودی ایک بار پھر برسراقتدار آتے ہیں تو کیا ہوگا‘ اس نے کہا کہ ملک کا بھلا ہوگا۔ اس خاتون کا یہ بھی کہنا ہے کہ وہ بارش کے لئے دعا کرنے یہ پدیاترا کررہی ہے۔
اس نے کہاکہ بارش نہ ہونے سے کسان پریشان ہیں۔ وہ لوگ بارش اور فصل کے بغیر کس طرح زندگی گزاریں گے۔ مویشی پانی کے لئے تڑپ رہے ہیں۔ جنگلوں میں بھی جانوروں کے لئے پانی نہیں ہے۔
میں بھگوان سے پرارتھنا کررہی ہوں کہ وہ سب کو اچھا رکھے۔اس کی باتوں پر دیگر بھکتوں کو تالیاں اور سیٹیاں بجاتے دیکھا جاسکتا ہے۔