تیندوے کے شکنجہ سے 3سالہ لڑکا کرشماتی طور پر بچ گیا
تیندوے نے لڑکے پر حملہ کیا مگر اس جنگلی خونخوار نے 15منٹ کے بعد لڑکے کو چھوڑ دیا تب تک وہ کمسن کو اپنے منہ میں دبائے رکھے ہوئے تھا۔
تروپتی: مقامی پولیس جوانوں کی مستعدی اور فوری مدد کی وجہہ سے ایک تین سالہ کمسن لڑکا، تیندوے کے حملہ میں کرشماتی طور پر زند بچ گیا۔ تیندوے نے تروملا گھات پر روڈ پر کمسن لڑکے پر حملہ کردیا تھا۔
پولیس کے مطابق یہ لڑکا، اپنے دادا کے ساتھ پیدل جارہا تھا کہ تیندوے نے لڑکے پر جھپٹ پڑا اور لڑکے کی گردن کو اپنے منہ میں دبا لیا اور اس لڑکے کو گھسیٹ کر دور لے گیا۔
یہ واقعہ جمعرات کی رات 10بجے کے قریب جنگل کے درمیان انجنینا سوامی مجسمہ کے قریب تروپتی ٹاؤن اور سری وینکٹیشورا مندر کے درمیان گھاٹ روڈ پر فٹ اسٹپس پر اس وقت پیش آیا جبکہ یہ لڑکا افرادخاندان کے ساتھ پیدل جارہا تھا۔
ٹی ٹی ڈی کے اگزیکٹیو آفیسر اے وی دھرما ریڈی کے مطابق تروپتی ٹو ٹاؤن کے ایس آئی رمیش اور پولیس کے5 تا6 گارڈز جو قریب میں ٹھہرے ہوئے تھے، فوری اپنے سیل فونس کی روشنی میں لاٹھیوں کے ساتھ جنگل میں اس سمت روانہ ہوئے جس طرف تیندوا، لڑکے کو گھسیٹ کر لے گیا تھا۔
ایس آئی اور پولیس گارڈز، زور سے چلاتے ہوئے آگے بڑھتے گئے۔ ان کی آوازوں اور شور شرابہ کے بعد تیندوے نے لڑکے کو چھوڑدیا۔ سائی ریڈی نے یہ بات بتائی۔ بعدازاں ایک ویجلنس گارڈ نے لڑکے کے رونے کی آواز سنی، آخر کار لڑکے کو تیندوے کے شکنجہ سے بچالیا گیا اور وائرلیس سیٹ پر یہ اطلاع دی گئی کہ کمسن کو پالیا گیا ہے۔
تیندوے نے لڑکے پر حملہ کیا مگر اس جنگلی خونخوار نے 15منٹ کے بعد لڑکے کو چھوڑ دیا تب تک وہ کمسن کو اپنے منہ میں دبائے رکھے ہوئے تھا۔ اس حملہ میں لڑکا برُی طرح زخمی ہو گیا مگر اس کی حالت خطرہ سے باہر بتائی گئی ہے۔
شدید زخمی کمسن کو پدماوتی پڈیاٹرک ہاسپٹل میں شریک کرایا گیا ہے جہاں ماہرین پر مشتمل ڈاکٹروں کی ٹیم اس لڑکے کا علاج کررہی ہے۔ تروملا تروپتی دیو استھانم (ٹی ٹی ڈی) کے چیف ویجلنس اور سیکوریٹی آفیسر (سی وی ایس او) ڈی نرسمہا کشور نے یہ بات بتائی۔
دھرما ریڈی نے صحافیوں کو بتایا کہ لڑکے کے والدین، ایک دو قدم چل رہے تھے جبکہ یہ لڑکا، دادا کے ساتھ پیدل چل رہا تھا اس دوران لڑکے کو اسناکس دلائے گئے۔
تب تیندوے نے کمسن بچے پر حملہ کردیا اور اسے اپنے منہ میں دبوچ کر جنگل میں چلا گیا۔دادا اپنے پوترے کو اس جانور سے بچانے کی کوشش کی مگر تیندوا بچے کو اپنے منہ میں دبا کر پھرتی سے جنگل میں چلا گیا۔
بچے کو بچانے کے بعد فوری موقع واردات پر وہاں ایک ایمبولینس پہنچی جہاں اس شدید زخمی کو ابتدائی طبی امداد پہنچائی گئی اور پھر اسے پدماوتی ہاسپٹل منتقل کردیا گیا جہاں ا س کی حالت خطرہ سے باہر بتائی گئی ہے۔ ڈاکٹروں نے بتایا کہ لڑکے کے عصب اور تحائی دوڑ محفوظ ہے جبکہ اس کی گردن پر شدید زخم ہیں۔