مویشی میلہ میں ایک بیل 1.3لاکھ روپئے میں فروخت
مویشی میلے میں بیلوں کے بہت سے جوڑے 2.20لاکھ روپئے سے 2.40لاکھ روپئے کے درمیان کی قیمتوں میں فروخت ہوئے جن میں تلنگانہ، کرناٹک اور مہاراشٹرا کے مختلف نسلوں کے مویشی موجود تھے۔
حیدرآباد: سنگاریڈی ضلع کے سب سے بڑے مویشی میلے میں جو نیالکل میں منعقد ہوا، ایک بیل ریکارڈ 1.30لاکھ روپئے میں فروخت ہوا۔ یہ نیالکل کے قریب ہرسال پیر غائب صاحبؒ درگاہ پر منعقد ہونے والے مویشیوں کے میلے میں ایک بیل کی سب سے زیادہ قیمت ہے۔
اس بیل کا مالک جھاراسنگم منڈل کے پیارورام گاؤں کے کسان راجو بتایاگیا ہے۔ منتظمین کی جانب سے راجو کو اس کے بیل(مویشی) کیلئے سب سے زیادہ قیمت حاصل ہونے پر بہرین کسان ایوارڈ پیش کیا گیا۔
مویشی میلے میں بیلوں کے بہت سے جوڑے 2.20لاکھ روپئے سے 2.40لاکھ روپئے کے درمیان کی قیمتوں میں فروخت ہوئے جن میں تلنگانہ، کرناٹک اور مہاراشٹرا کے مختلف نسلوں کے مویشی موجود تھے۔ درگاہ پر ہفتہ بھر جاری رہنے والے مویشیوں کے میلہ تینوں ریاستوں سے بڑی تعداد میں زائرین اور کسان حاضری دیتے ہیں۔
میلے کے دوران بیلوں، گائیوں، بھینسوں اور دیگر مویشیوں کی مختلف نسلوں کو خریدوفروخت کیلئے لیاجاتا ہے۔ میلہ کے دوران سداسیو پیٹ کے ایک کسان کے شیواکمار نے اپنی گائے کی قیمت 6لاکھ روپئے رکھی اور 3لاکھ روپئے قیمت آنے کے باوجود فروخت کرنے سے انکار کردیا۔
ایک اور کسان نے بیل کی ایک جوڑی کی قیمت 4.6 لاکھ روپئے مقرر کی اور 3لاکھ روپئے کی پیشکشی قبول نہیں کی۔ بتایاگیا ہے کہ 7 فروری کو درگاہ کی انتظامیہ کی جانب سے بین ریاستی کشتی مقابلے منعقد کئے جائیں گے جس میں تینوں ریاستوں کے پہلوانوں کی شرکت متوقع ہے۔