پلوامہ میں استعمال شدہ آر ڈی ایکس ناگپور سے بھیجا گیا تھا
ایک سنسنی خیز الزام لگاتے ہوئے، مہاراشٹر کانگریس کے صدر نانا پٹولے نے اتوار کو کہا کہ 2019 کے پلوامہ دہشت گردانہ حملے میں استعمال ہونے والا آر ڈی ایکس ناگپور سے بھیجا گیا تھا۔

ناگپور: ایک سنسنی خیز الزام لگاتے ہوئے، مہاراشٹر کانگریس کے صدر نانا پٹولے نے اتوار کو کہا کہ 2019 کے پلوامہ دہشت گردانہ حملے میں استعمال ہونے والا آر ڈی ایکس ناگپور سے بھیجا گیا تھا۔
”میں آپ سب کو مطلع کرنا چاہتا ہوں …… اس دہشت گردانہ حملے میں استعمال ہونے والا 300 کلو گرام آر ڈی ایکس ناگپور سے روانہ کیا گیا تھا۔ اسے کس نے بھیجا تھا، کہاں سے بھیجا تھا……؟“
پٹولے نے دریافت کیا۔ مہا وکاس اگھاڑی (ایم وی اے) کی ایک بڑی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس معاملے کی سی بی آئی انکوائری کا بھی حکم دیا گیا تھا، لیکن تقریباً چار سال بعد بھی اس کی تحقیقات کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا ہے۔
پٹولے کا یہ بیان جموں و کشمیر کے سابق گورنر ستیہ پال ملک کے حالیہ انکشافات کے حوالے سے آیا ہے جس نے ایک بڑا سیاسی تنازعہ پیدا کر دیا ہے۔ ریالی سے خطاب کرتے ہوئے شیو سینا (یو بی ٹی) کے صدر اور سابق چیف منسٹر نے ریاست کے عوام کو دھوکہ دینے اور عوام کو درپیش حقیقی مسائل سے توجہ ہٹانے کے لیے چیف منسٹر ایکناتھ شندے اور نائب چیف منسٹر دیویندر فڈنویس کی حکومت پر تنقید کی۔
ٹھاکرے نے کہاکہ ”وہ مجھ پر ہندوتوا کو ترک کرنے کا الزام لگا رہے ہیں …… ان کا ہندوتوا کا برانڈ کیا ہے، ایک عورت پر حملہ کرنا اور پھر اسے گرفتار کرنے کی دھمکیاں دینا، سیاسی شکایت درج نہیں کرانا“۔ وہ 3 اپریل کو تھانے میں ایک پارٹی کارکن سونالی پوار شندے پر ہوئے حملے کو یاد کر رہے تھے، جس کے بعد اگلے دن ایم وی اے کی طرف سے سٹی پولیس کمشنریٹ تک ایک بہت بڑا احتجاجی مارچ نکالا گیا۔
بھارتیہ جنتا پارٹی کے وزیر چندرکانت پاٹل پر ان کے ریمارکس کہ ‘بابری مسجد کے انہدام کے وقت کوئی شیوسینک موجود نہیں تھا’ پر حملہ کرتے ہوئے، ٹھاکرے نے جوابی حملہ کیا: "اگر کوئی شیو سینک نہیں تھے، تو کیا وہ آپ کے چچا تھے؟”
ایم وی اے کے کئی سرکردہ لیڈران جیسے این سی پی کے ریاستی صدر جینت پاٹل، سینئر لیڈر انیل دیشمکھ اور دیگر نے بھی اگلے دو مہینوں میں منصوبہ بند عوامی جلسوں کے سلسلے میں دوسری ‘وجرموتھ ریلی’ میں خطاب کیا۔