پوسٹ آفس پر کھاتہ کھلوانے خواتین کا ہجوم، ماہانہ8,500 روپئے ملنے کی امید (ویڈیو دیکھیں)
بنگلورو میں عموماً پُرسکون رہنے والے جنرل پوسٹ آفس میں خواتین کا غیرمعمولی رش دیکھا جارہا ہے جو مرکز میں انڈیا بلاک کے برسراقتدار آنے کی صورت میں ماہانہ8500 روپئے ملنے کی توقع کرتے ہوئے انڈیا پوسٹ پے منٹ بینک اکاؤنٹس کھلوانے جوق در جوق پہنچ رہی ہیں۔
بنگلورو: بنگلورو میں عموماً پُرسکون رہنے والے جنرل پوسٹ آفس میں خواتین کا غیرمعمولی رش دیکھا جارہا ہے جو مرکز میں انڈیا بلاک کے برسراقتدار آنے کی صورت میں ماہانہ8500 روپئے ملنے کی توقع کرتے ہوئے انڈیا پوسٹ پے منٹ بینک اکاؤنٹس کھلوانے جوق در جوق پہنچ رہی ہیں۔
انتخابات ہنوز جاری ہیں مگر زیادہ تر اقلیتی فرقہ سے تعلق رکھنے والی برقعہ پوش خواتین کھاتہ کھلوانے طویل قطاروں میں ٹھہری ہوئی ہیں۔ ان میں سے کچھ کا ماننا ہے کہ آئی پی پی بی کھاتہ کھلوانا انہیں ماہانہ 8500 روپئے ملنے کو یقینی بنائے گا۔
ایک خاتون نے کہا وہ صبح سے ہی قطار میں کھڑی ہیں۔ ایک اور نے کہا کہ اس کے پڑوس میں ہر کوئی کہہ رہا ہے کہ کھاتہ کھلتے ہی رقم آنا شروع ہوجائے گی لہٰذا وہ بھی کھاتہ کھلوانے آگئیں۔
بیشتر خواتین جن سے پی ٹی آئی نے بات کی، ان کا تعلق شیواجی نگر، چامراج پیٹ اور شہر کے اطراف و اکناف علاقوں سے ہے۔ صحافیوں سے بات کرتے ہوئے جی پی او بنگلورو کے چیف پوسٹ ماسٹر ایچ ایم منجیش نے کہا کہ لوگ اس یقین کے ساتھ آئی پی پی بی کھاتے کھلوانے دفتر آرہے ہیں کہ محکمہ ڈاک ان کے کھاتوں میں 2ہزار یا 8500 روپئے ماہانہ جمع کرے گا۔
درحقیقت یہ ایک افواہ ہے۔ کسی نے یہ افواہ پھیلائی ہے۔ محکمہ انہیں رقم ادا نہیں کرے گا۔ تاہم یہ کھاتہ کسی بھی قسم کے آن لائن لین دین یا راست فائدہ (منتقلی) اسکیم کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ گاہکوں کو اس تعلق سے مطلع کرچکا ہے۔
ہم نے کچھ پوسٹرس بھی لگائے ہیں۔ اس کے باوجود گاہک ہم سے آئی پی پی بی کھاتے کھولنے کی درخواست کررہے ہیں۔ رش اتنا ہے کہ جی پی او بلڈنگ کے باہر کھلے آسمان تلے مزید کاؤنٹرس کھولے گئے۔ منجیش نے کہا کہ پہلے ہم کاؤنٹر پر 50تا 60کھاتے کھولتے تھے۔ اب ہم نے علاحدہ انتظامات کیے ہیں۔
اس کے لیے ہم نے ڈاکیوں کو کام پر لگایا دیا اور پابندی سے ہم 500تا 600کھاتے کھول رہے ہیں، بسااوقات دن میں ایک ہزار کھاتے کھولے جارہے ہیں۔“ محکمہ کے ذرائع کے مطابق یہ رش گزشتہ تین دنوں سے دیکھا جارہا ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ کانگریس کے بعض ارکان اسمبلی نے افواہیں پھیلائیں جس پر یقین کرکے خواتین جی پی او کی قطار میں لگ گئیں۔ ارکان اسمبلی نے کہا کہ انڈیا بلاک کے اقتدار پر آنے کے بعد خواتین کو 4/ جون کے بعد سے رقم ملنا شروع ہوجائے گی۔“
واضح رہے کہ کانگریس نے مہالکشمی اسکیم شروع کرنے کا وعدہ کیا ہے جس کے تحت سطح غربت سے نیچے خاندانوں کی خاتون سربراہوں کے کھاتے میں 8500 روپئے راست منتقل کیے جائیں گے۔
یہ کرناٹک حکومت کی گرہا لکشمی اسکیم گیارنٹی کے مماثل ہے جس کے تحت بی پی ایل خاندانوں کی خاتون سربراہوں کو ماہانہ 2ہزار روپئے دیے جاتے ہیں۔