مسلم پرسنل لا بورڈ کے وفدکی کانگریس کے صدر ملیکارجن کھڑگے سے ملاقات
یونیفارم سول کو ڈ پر مسلمانوں کے موقف اور اس کے دلائل سے انھیں واقف کرایا۔جب کہ کانگریس کے صدر نے وفد کو یقین دلایا کہ کانگریس یونیفارم سول کو ڈ پر کوئی موقف اختیار کرتے وقت ان تمام دلائل و تحفظات کو پیش نظر رکھے گی۔
نئی دہلی: آل انڈیا مسلم پرسنل بور ڈ کے ایک وفد نے جس کی قیادت بورڈ کے جنرل سیکرٹری مولانا فضل الرحیم مجددی نے کی کانگریس پارٹی کے صدر ملک ارجن کھرگے سے ان کے گھر پر ملاقات کی۔
اور یونیفارم سول کو ڈ پر مسلمانوں کے موقف اور اس کے دلائل سے انھیں واقف کرایا۔جب کہ کانگریس کے صدر نے وفد کو یقین دلایا کہ کانگریس یونیفارم سول کو ڈ پر کوئی موقف اختیار کرتے وقت ان تمام دلائل و تحفظات کو پیش نظر رکھے گی۔
وفد میں بورڈ کے سیکرٹری احمد فیصل ولی رحمانی، ترجمان ڈاکٹر سید قاسم رسول الیاس، لیگل کمیٹی کے اراکین ایڈوکیٹ ایم آر شمشاد، مولانا نیاز احمد فاروقی ، رکن بورڈ عارف مسعود( ممبر مدھیہ پردیش اسمبلی) اورمسٹر فہد رحمانی شریک تھے۔ کانگریس کے رکن راجیہ سبھا عمران پرتاب گڑھی نے اراکین وفد کا موصوف سے تعارف کروایا۔
ایڈوکیٹ ایم آر شمشاد نے بورڈ کی جانب سے لا کمیشن کو دئے گئے دستاویز کے مندرجات اور اس کے دلائل سے مسٹر کھرگے کو واقف کرایا۔ ڈاکٹر الیاس نے صدر کانگریس سے کہا سب سے قدیم، حزب اختلاف کی سب بڑی اور ایک سیکولر پارٹی ہونے کے ناطے ملک کی اقلیتوں، قبائلی طبقات اور انصاف پسند ہندوؤں کی نگاہیں اس مسئلہ پر کانگریس کی طرف لگی ہوئی ہیں۔
ہمیں امید یونیفارم سول کو ڈ پر کانگریس کا موقف دو ٹوک، دستوری تحفظات، مذہبی اقلیتوں و قبائلی طبقات کے تشخص، ملک کے تنوع کی حفاظت کے حق میں ہوگا۔ جہاں تک مسلمانوں کا تعلق ہے ہم یونیفارم سول کو ڈ کو شریعت اور مذہبی و ثقافتی آزادی کے دستوری حق میں راست مداخلت سمجھتے ہیں ۔
کانگریس کا موجودہ موقف کہ ہم اس پر بل کا ڈرافٹ آنے کے بعد ہی اظہار خیال کریں گے ہمارے نزدیک مسئلہ کو ٹالنے کی کوشش ہے جب کہ بی جے پی اسے الیکشن کاموضوع بنانے کی پوری تیاری کرچکی ہے۔
احمد فیصل ولی رحمانی نے دستور ھند کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے یونیفارم سول کو ڈ کے مضمرات پر ردشنی ڈالی۔ مولانا نیاز احمد فاروقی نے بھی صدر کانگریس سے واضح اور دوٹوک موقف اختیار کرنے پر اصرار کیا۔
کھرگے نے وفد کو یقین دلایا کہ کانگریس یونیفارم سول کو ڈ پر کوئی موقف اختیار کرتے وقت ان تمام دلائل و تحفظات کو پیش نظر رکھے گی جس کا اظہار بور ڈ کے معزز ذمہ داران و اراکین نے کیا ہے۔
آخر میں بورڈ کے جنرل سیکرٹری مولانا فضل الرحیم مجددی نے کانگریس صدر کو صدر بورڈ حضرت مولانا خالد سیف اللہ رحمانی کا مکتوب پیش کیا جس میں ملک و ملت کے لئے یو سی سی کے مضمرات اور اندیشوں کا اظہار کیا گیا نیز یہ واضح طور پر کہا کہ گیا یونیفارم سول کو ڈ مذہبی و ثقافتی آزادی کے مغائر اور شریعت میں راست مداخلت ہوگی۔