تلنگانہ

چند طاقتیں عوام میں پھوٹ ڈالنے کیلئے کوشاں: ریونت ریڈی

تلنگانہ کے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے پیر کے روز کہا کہ چند طاقتیں عبادت گاہوں پر حملہ کرتے ہوئے عوام میں پھوٹ ڈالنے کی کوشش کررہی ہیں۔

حیدرآباد (آئی اے این ایس) تلنگانہ کے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے پیر کے روز کہا کہ چند طاقتیں عبادت گاہوں پر حملہ کرتے ہوئے عوام میں پھوٹ ڈالنے کی کوشش کررہی ہیں۔

متعلقہ خبریں
گروپI مینس امتحانات ملتوی نہیں ہوں گے: ریونت ریڈی
رکن اسمبلی بی آر ایس کے خلاف کیس درج
چیف منسٹر کی وارننگ کے بعد بی آر ایس سوشل میڈیا قائدین کی تشویش میں اضافہ
ریونت ریڈی ایک جنونی اور بدمزاج شخص: ایٹالہ راجندر
ویڈیو: تلنگانہ بھون میں کانگریس اور بی آر ایس کارکنوں میں تصام

انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ برقراری امن کے لئے پولیس کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے ان طاقتوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنائیں۔ تلنگانہ کے سماج کو روشن خیال قرار دیتے ہوئے چیف منسٹر نے اس اعتماد کااظہار کیا کہ عوام، اس طرح کی اشتعال انگیز سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی نہیں کریں گے اور حکومت کے ساتھ دست تعاون دراز کریں گے۔

شہر حیدرآباد میں یادگار پولیس شہیدان پر فلیگ ڈے پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے سکندرآباد کی متیالماں مندرمیں توڑ پھوڑ اور اس کے بعد کے واقعات پر تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے واقعات میں ملوث افراد کے خلاف پولیس سختی کے ساتھ نمٹے گی۔

امن کے ماحول کو برقرار رکھے گی اور نقص امن کی کوشش کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرے گی۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ اس طرح کے واقعات میں ملوث افراد جن کی سرگرمیاں سماج کے لئے نقصاندہ ہیں، کو کیفر کردار تک پہنچانے میں پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔

چندافراد نے قانون کو ہاتھ میں لے کر مجرموں کو سزا دینے کی سوچ رکھی ہے تو پھر ان افراد اور گھناؤنے جرائم کا ارتکاب کرنے والے عناصر میں کوئی فرق باقی نہیں رہے گا۔ ان جرائم میں ملوث افراد کے خلاف پولیس سخت کارروائی کررہی ہے۔ اس سلسلہ میں کسی کو شک و شبہ نہیں ہونا چاہئے۔

ترقی کے لئے امن اور سیکوریٹی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ مناسب نظم و ضبط کے بغیر کوئی بھی ریاست، اپنے ہاں سرمایہ کاری کو راغب نہیں کرپائے گی۔ چیف منسٹر ریڈی نے کہا کہ مجرمین نت نئے طریقہ، ہتھکنڈے اپنا رہے ہیں اور انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایس آئی بی اور گرے ہانڈس قائم کرتے ہوئے تلنگانہ پولیس پورے ملک کے لئے رول ماڈل بن گئی ہے۔

سائبر کرائمس واقعات میں اضافہ پر تشویش کااظہار کرتے ہوئے انہوں نے پولیس پر زور دیا کہ وہ سماج میں ہونے والی تبدیلیوں پر قریبی نظر رکھیں۔ گزشتہ 10 برسوں کے دوران ریاست میں منشیات کے استعمال میں اضافہ پر تشویش کااظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پڑوسی ریاستوں سے تلنگانہ کو گانجہ اسمگل کیا جارہا ہے۔ حکومت نے تلنگانہ اینٹی نارکوٹیکس بیورو قائم کرتے ہوئے منشیات کی منتقلی کو روکنے کے لئے سخت قدم اٹھائے ہیں۔

شہر میں ٹرافک مسائل کا تذکرہ کرتے ہوئے چیف منسٹر نے ٹرافک بہاؤ کو بہتر بنانے کے لئے مصنوعی ذہانت کے استعمال کی ضرورت پر زور دیا۔ سماج میں امن اور قومی یکجہتی کی برقراری میں پولیس خدمات کی ستائش کرتے ہوئے انہوں نے تبصرہ کیا کہ پولیس کو مجرموں کی دوست ہرگز نہیں بننا چاہئے، بلکہ پولیس کو متاثرین کا دوست بننا چاہئے۔

پولیس فورس کی عزت نفس بڑھانے کے لئے حکومت اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے 50ایکڑ اراضی پر عالمی معیار کے ینگ انڈیا پولیس اسکول کے قیام کا اعلان کیا، جہاں تعلیم کے ساتھ اسپورٹس اور گیمس کو بھی متعارف کرایا جائے گا۔

ڈیوٹی پر جانوں کی قربانی دینے والے پولیس ملازمین کے اہل خاندان کو دئے جانے والے معاوضہ میں اضافہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے چیف منسٹر ریونت ریڈی نے ان پولیس عہدیداروں کو خراج پیش کیا، جنہوں نے ملک کی سلامتی کے لئے ڈیوٹی کے دوران اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔پولیس ڈیوٹی میٹ میں مختلف کھیل کود مقابلوں میں کامیابی حاصل کرنے والوں میں چیف منسٹر نے انعامات تقسیم کئے۔ اس موقع پر ڈی جی پی ڈاکٹر جتندر، پولیس کے اعلیٰ عہدیدار موجود تھے۔