سوشیل میڈیا

لفٹ استعمال کرنے پر ایک ہزار روپے جرمانہ، حیدرآباد کی ایک ہاؤزنگ سوسائٹی نے گھریلو ملازماؤں اور ڈیلیوری ایجنٹس کو دیا انتباہ، ایکس پوسٹ وائرل

حیدرآباد میں ایک ہاؤزنگ سوسائٹی نے ایک نوٹس جاری کرتے ہوئے تنازعہ کھڑا کردیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اگر گھریلو ملازمائیں، ڈیلیوری ایجنٹس اور دیگر ورکرس بلڈنگ کی مین لفٹ استعمال کرتے ہیں تو ان پر 1,000 روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

حیدرآباد: حیدرآباد میں ایک ہاؤزنگ سوسائٹی نے ایک نوٹس جاری کرتے ہوئے تنازعہ کھڑا کردیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اگر گھریلو ملازمائیں، ڈیلیوری ایجنٹس اور دیگر ورکرس بلڈنگ کی مین لفٹ استعمال کرتے ہیں تو ان پر 1,000 روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

یہ نوٹس مبینہ طور پر لفٹ کے اندر چسپاں کیا گیا ہے جس کی ایک تصویر سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے۔

ہاؤسنگ سوسائٹی کے اقدام پر تنقید کرتے ہوئے ایک خاتون شاہینہ عطار والا نے لفٹ میں لگائے نوٹس کی تصویر پوسٹ کی۔

اپنی پوسٹ میں شاہینہ نے لکھا کہ ہم نے ایک ایسا معاشرہ تشکیل دے رکھا ہے جہاں ہم اپنے تاریک اور گندے راز تو چھپا کر رکھتے ہیں مگر ہماری خدمت کرنے والے ورکرس کو اپنے ساتھ جینے کا موقع نہیں دینا چاہتے۔ کیا یہ ان کا جرم ہوگا جس کا جرمانہ ایک ہزار روپے ہوگا؟ یہ شاید ان کی ماہانہ کمائی کا 25 فیصد بنتا ہے۔

پوسٹ کا جواب دیتے ہوئے دیگر لوگوں نے ان عجیب و غریب قوانین پر تنقید کی جو کچھ ہاؤزنگ سوسائٹیز نوکرانیوں، گھریلو ملازماؤں، ڈیلیوری ایجنٹوں اور دیگر ورکرس کے خلاف عائد کرتی ہیں۔

ایک شخص نے لکھا کہ بنیادی طور پر تمام نوکرانیوں اور سروس اسٹاف کو اس سوسائٹی کا بائیکاٹ کرنا چاہئے۔ غیرانسانی لوگ۔

ہندوستانی مڈل کلاس اور اپر مڈل کلاس پر تبصرہ کرتے ہوئے ایک شخص نے لکھا کہ شہری علاقوں میں رہنے والا ہندوستانی مڈل کلاس اور اپر مڈل کلاس سب سے زیادہ طبقاتی اور نسل پرست کمیونٹیز میں سے ایک ہے۔ میں نے بہت سے معاشروں میں جسمانی حد بندی دیکھی ہے۔ اعلی درجے کی کمیونٹیز میں تو زیادہ واضح نظر آتی ہے۔

دریں اثنا، کچھ صارفین نے ہاؤسنگ سوسائٹی کے اس اقدام کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ورکرز کو سروس لفٹ استعمال کرنے کے لیے کہنا غیر انسانی یا امتیازی نہیں ہے، بلکہ یہ زیادہ آسان ہے۔

ایک اور نے لکھا کہ ہر عمارت میں سروس لفٹ نامی کوئی چیز ہوتی ہے۔ یہ کام کی نوعیت ہے جو وہ کرتے ہیں، انہیں کرایہ داروں اور جگہ استعمال کرنے والے دیگر لوگوں کو تکلیف نہیں دینی چاہیے۔ یہ عام بات ہے۔ چپ کر کے بیٹھ جاؤ۔

a3w
a3w