293ویں سالانہ عرس مبارک کے موقع پر درگاہ درویشیہ میں شاندار طرحی منقبتی مشاعرے کا انعقاد
293ویں سالانہ عرس مبارک حضرت سید شاہ درویش محی الدین ثانی قادری رحمۃ اللہ علیہ کے موقع پر درگاہ حضرت سید شاہ درویش محی الدین ثانی قادری رحمۃ اللہ علیہ میں ایک عظیم الشان طرحی منقبتی مشاعرے کا انعقاد عمل میں آیا، جس میں شہر کے ممتاز شعرائے کرام، علماء، مشائخ اور عقیدت مندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
حیدرآباد: 293ویں سالانہ عرس مبارک حضرت سید شاہ درویش محی الدین ثانی قادری رحمۃ اللہ علیہ کے موقع پر درگاہ حضرت سید شاہ درویش محی الدین ثانی قادری رحمۃ اللہ علیہ میں ایک عظیم الشان طرحی منقبتی مشاعرے کا انعقاد عمل میں آیا، جس میں شہر کے ممتاز شعرائے کرام، علماء، مشائخ اور عقیدت مندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
مشاعرے کی سرپرستی تقدس مآب حضرت مولانا پیر سید شاہ محمد فضل اللہ قادری الموسوی، سجادہ نشین و متولی بارگاہ درویشیہ نے فرمائی، جبکہ نگرانی کے فرائض نائب سجادہ نشین ڈاکٹر پیر سید شاہ تنویر عالم قادری الموسوی، شیخ الحلقہ بارگاہ موسویہ نیکی نے انجام دیے۔
اس موقع پر مولانا پیرزادہ سید شاہ واصف عالم قادری الموسوی اور مولانا پیرزادہ سید شاہ مختار عالم قادری الموسوی نے انتظامات کی نگرانی کرتے ہوئے پروگرام کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
مشاعرے کی نظامت معروف شاعر افتابِ سخن سردار سلیم استادِ شعراء نے انجام دی، جبکہ شاعرِ خلیج جلیل نظامی، قاری انیس احمد قادری، اسماعیل قدیر قادری، مفتی اختر رضا شرفی اور دیگر معروف شعرائے کرام نے بارگاہِ رسالتؐ اور اولیائے کرام کی شان میں اپنے نذرانۂ عقیدت پیش کیے، جسے حاضرین نے بے حد سراہا۔
تقریب میں خصوصی مہمانان کے طور پر حضرت مولانا سید شاہ عبدالمحی الدین قادری الموسوی، مولانا سید شاہ نور الدین قادری الموسوی، مولانا ڈاکٹر سید شاہ عین اللہ حسینی افتخاری جانشینِ حضرت وطن، مولانا سید شاہ خضر پاشاہ قادری الموسوی سمیت خانوادۂ درویشیہ کے افراد، مریدین اور معتقدین کی بڑی تعداد شریک رہی۔
پروگرام کے اختتام پر ملک و ملت کی سلامتی، امن و خوشحالی اور امت مسلمہ کی فلاح و بہبود کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ بعد ازاں شرکاء کے لیے لنگر کا اہتمام کیا گیا۔