اترپردیش میں بغیر کسی پیشگی اطلاع کے مسجد شہید کردی گئی، قرآن شریف کی بے حرمتی (ویڈیو وائرل)
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ مسجد ایک قدیم عبادت گاہ تھی اور اس کے شہید کیے جانے سے ان کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے۔ جمعہ کے دن پیش آنے والے اس واقعہ نے پورے علاقے میں کشیدگی پیدا کر دی ہے۔
پریاگ راج: اتر پردیش کے شہر پریاگراج میں ایک افسوس ناک واقعہ پیش آیا جس میں ریلوے کالونی کے قریب واقع ایک مسجد کو بغیر کسی پیشگی اطلاع کے مقامی انتظامیہ نے شہید کر دیا۔ یہ مسجد پریاگراج ریلوے اسٹیشن سے تقریباً 150 میٹر کے فاصلے پر واقع تھی۔
عینی شاہدین کے مطابق، یہ واقعہ جمعہ کے دن پیش آیا جب لوگ جمعہ کی نماز ادا کرنے کیلئے مسجد پہنچے تو انھیں مسجد کی شہادت کا منظر دیکھ کر شدید صدمہ پہنچا۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ اس مسجد کو شہید کرنے سے پہلے نہ تو کوئی اطلاع دی گئی اور نہ ہی کسی قانونی کارروائی کی گئی۔
ایک اور افسوسناک بات یہ ہے کہ مسجد کے اندر موجود قرآن پاک کے نسخوں کی بے حرمتی کی گئی۔ اس واقعہ پر مقامی مسلمانوں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ مسجد ایک قدیم عبادت گاہ تھی اور اس کے شہید کیے جانے سے ان کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے۔ جمعہ کے دن پیش آنے والے اس واقعہ نے پورے علاقے میں کشیدگی پیدا کر دی ہے۔
مسلمان رہنماؤں نے اس واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے انصاف کی فراہمی اور ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ مزید تحقیقات جاری ہیں، اور لوگ اس بات کا انتظار کر رہے ہیں کہ حکومت اس واقعہ پر کیا ردعمل ظاہر کرتی ہے۔