جامع مسجد کیسرا میں جمعیۃ علماء کی ممبرشپ مہم کا جائزہ اجلاس منعقد
جامع مسجد کیسرا ضلع میڑچل-ملاکاجگری میں جمعیۃ علماء کی ممبرشپ مہم کے سلسلے میں ایک روزہ جائزہ اجلاس کا انعقاد عمل میں آیا، جس میں جمعیۃ کے اکابرین کی خدمات اور قربانیوں پر روشنی ڈالی گئی۔ اجلاس میں مختلف منڈلوں کے عہدیداران، علماء کرام اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
 
						حیدرآباد: جامع مسجد کیسرا ضلع میڑچل-ملاکاجگری میں جمعیۃ علماء کی ممبرشپ مہم کے سلسلے میں ایک روزہ جائزہ اجلاس کا انعقاد عمل میں آیا، جس میں جمعیۃ کے اکابرین کی خدمات اور قربانیوں پر روشنی ڈالی گئی۔ اجلاس میں مختلف منڈلوں کے عہدیداران، علماء کرام اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اجلاس کی صدارت جمعیۃ علماء تلنگانہ کے جنرل سکریٹری حافظ پیر خلیق احمد صابر نے کی، جب کہ مہمان خصوصی کی حیثیت سے مولانا مصدق القاسمی صدر جمعیۃ علماء گریٹر حیدرآباد اور مولانا قاضی سید افتخار الدین قاسمی نظامی صدر قاضی حلقہ شاہ میر پیٹ و ملاکاجگری شریک ہوئے۔ اجلاس کی نظامت مولانا مفتی محمد ساجد ناصری بانی و ناظم معہد الصفہ حیدرآباد نے انجام دی۔
مولانا مصدق القاسمی نے اپنے خطاب میں کہا کہ جمعیۃ علماء کے اکابرین نے جنگِ آزادی میں عظیم قربانیاں پیش کیں اور مسلمانوں کی اصلاحِ معاشرہ کے لیے ہمیشہ پیش پیش رہے۔ انہوں نے علماء برادری سے اپیل کی کہ وہ جمعیۃ کے پلیٹ فارم سے مسلمانوں کو جوڑیں اور سماج کی اصلاح کے لیے سرگرم کردار ادا کریں، کیونکہ موجودہ دور نہایت نازک ہے۔
مولانا قاضی افتخار الدین قاسمی نظامی نے جمعیۃ علماء کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ صدر جمعیۃ علماء تلنگانہ و آندھرا حضرت مولانا حافظ پیر شبیر احمد صاحب دامت برکاتہم کی تیس سالہ خدمات اور قربانیاں قابل تقلید ہیں۔
صدر اجلاس حافظ پیر خلیق احمد صابر نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ زندگی کے ہر شعبے میں جمعیۃ کے اکابرین نے جو قربانیاں اور مثالی خدمات انجام دی ہیں، ان کی دنیا میں کوئی نظیر نہیں ملتی۔ انہوں نے عہدیداران اور اراکین سے اپیل کی کہ ممبرشپ مہم کو جنگی خطوط پر مکمل کریں۔
اجلاس میں مفتی سرور قاسمی، مولانا محمود سبیلی، مولانا بشیر الحسن فلاحی، اور محمد شعیب شاہ میر پیٹ سمیت مختلف منڈلوں کے علماء و عہدیداران نے بھی خطاب کیا۔ پروگرام کا آغاز مفتی سرور صاحب امام و خطیب مسجد نور الہی کھا پرا کی تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔اجلاس میں کیسرا، قطب اللہ پور، ناچارم، کوکٹ پلی، ناگارم، مولاعلی، کھا پرا، لالہ گوڑہ، جگن گوڑہ اور میڑچل کے منڈلوں کے صدور و عہدیداران نے اپنے رفقاء کے ساتھ شرکت کی۔ آخر میں مولانا مصدق القاسمی کی دعا پر اجلاس کا اختتام ہوا۔
