حیدرآباد

گاندھی اسپتال میں کووڈ سے نمٹنے خصوصی تمثیلی ڈرل کی گئی

گاندھی اسپتال کو کورونا کی تینوں لہروں کے دوران، اس وبا کے مریضوں کے علاج کا مرکز بنایاگیا تھا۔کورونا کی تین لہروں کے دوران مریضوں کی بڑی تعداد اس اسپتال سے رجوع ہوئی تھی۔

حیدرآباد: شہرحیدرآباد کے مشہور گاندھی اسپتال میں آج کوویڈ سے نمٹنے خصوصی تمثیلی ڈرل منعقد کی گئی تاکہ آنے والے مہینوں میں کوویڈ کے انفکشن کے معاملات میں اضافہ کے پیش نظر ان سے نمٹنے کی تیاریوں کا جائزہ لیاجاسکے۔

مرکزی وزارت صحت کی تجویز پر یہ تمثیلی ڈرل انجام دی گئی۔گاندھی اسپتال کو کورونا کی تینوں لہروں کے دوران، اس وبا کے مریضوں کے علاج کا مرکز بنایاگیا تھا۔کورونا کی تین لہروں کے دوران مریضوں کی بڑی تعداد اس اسپتال سے رجوع ہوئی تھی۔

اس اسپتال کے ساتھ ساتھ کنگ کوٹھی ڈسٹرکٹ اسپتال، چیسٹ اسپتال ایراگڈہ اور تلنگانہ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسس گچی باولی میں بھی یہ تمثیلی ڈرل انجام دی گئی۔گاندھی اسپتال کے سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹرراجہ راو نے کہا کہ ریاست میں کوویڈ کے معاملات میں اضافہ کے پیش نظریہ تمام تر تیاریاں کی جارہی ہیں۔

ہمارے ہیلت ورکرس کو کوویڈ کے مریضوں کے علاج کا وسیع تر تجربہ رہا ہے۔ہم، تلنگانہ میں کوویڈ کے مریضوں کاعلاج کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔تمام ضروری طبی آلات بشمول ونٹی لیٹرس، آکسیجن کے ساتھ بستر، بی آئی پی اے پی مشینوں اور آرٹی پی سی آر ٹسٹنگ کی سہولت ہمارے پاس دستیاب ہے۔

ان تمام سہولیات کی صلاحیت کا جائزہ لیاگیا۔میڈیکل انفراسٹرکچر کے علاوہ اسپتال میں ہیلت کیر ورکرس بشمول نرسس، آشاورکرس اور ونٹی لیٹر ٹکنیشین جن کو قبل ازیں کوویڈ کے معاملات سے نمٹنے کی تربیت دی گئی تھی نے تلنگانہ میں کوویڈ کی مسلسل تین لہروں کے دوران کامیابی کے ساتھ اپنا رول ادا کیا ہے۔

انہوں نے نشاندہی کرتے ہوئے کہاکہ تلنگانہ میں کم معاملات ہیں۔اس تمثیلی ڈرل کے ذریعہ یہ دیکھنا ہے کہ کس طرح کا انفراسٹرکچر تیار کیاگیا ہے تاکہ کورونا کے معاملات میں اضافہ پر ان معاملات سے نمٹا جاسکے۔ریاستی وزیر صحت راست طور پراس کی نگرانی کررہے ہیں۔

یہ تمثیلی ڈرل، ڈسٹرکٹ، ایریا اسپتالوں کے ساتھ ساتھ کمیونٹی ہیلت سنٹرس میں بھی کی جارہی ہے۔کورونا سے نمٹنے تمام طبی سہولیات فراہم کی گئی ہے، پھر بھی ہم اس تمثیلی ڈرل کے ذریعہ تیاریاں کررہے ہیں تاکہ کورونا کے معاملات میں اضافہ ہوتا ہے توتلنگانہ کے ہر جگہ کورونا کے مریضوں کا علاج کرنے میں سہولت ہوسکے۔پوری ریاست میں 28ہزار آکسیجن والے بسترمناسب انفراسٹرکچرکے ساتھ دستیاب ہیں۔اگر کچھ خامیوں ہیں تو ان کو آنے والے دنوں میں درست کیاجائے گا۔ریاستی سطح پر دواوں کا بھی جائزہ لیاجارہا ہے۔ہم مکمل طورپر تیار ہیں۔یقینی طورپرتلنگانہ پوری طرح تیار ہے۔کسی بھی قسم کی پریشانی کی ضرورت نہیں ہے تاہم اس کے لئے تیار رہنے اور چوکسی اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔