حیدرآباد

حیدرآباد پولیس کا بقرعید سے قبل انتباہ۔ قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا اعلان۔ جانیں پوری خبر

سوشل میڈیا پر ایسے ریلس یا ویڈیوز پوسٹ کرنے والوں کے خلاف سخت فوجداری مقدمات درج کیے جائیں گے جو عوامی جذبات کو مجروح کریں یا کشیدگی پیدا کریں۔

حیدرآباد، 3 مئی 2026: آنے والے عیدالاضحی (بقرعید) کے پیش نظر شہر میں امن و امان برقرار رکھنے کے اقدامات کے سلسلے میں حیدرآباد کے پولیس کمشنر سی وی آنند نے بنجارہ ہلز کے ٹی جی آئی سی سی سی میں مختلف گورکشک تنظیموں کے نمائندوں کے ساتھ ایک خصوصی رابطہ اجلاس منعقد کیا۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ تہوار کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کو روکنے کے لیے کمشنریٹ حدود میں چیک پوسٹس قائم کرتے ہوئے سخت حفاظتی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ گورکشک تنظیموں کے ارکان قانون کا مکمل احترام کریں اور اگر غیر قانونی مویشیوں کی منتقلی سے متعلق کوئی اطلاع ہو تو فوراً پولیس کو آگاہ کریں، خود قانون ہاتھ میں لینے یا کسی پر حملہ کرنے سے گریز کریں۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا پر ایسے ریلس یا ویڈیوز پوسٹ کرنے والوں کے خلاف سخت فوجداری مقدمات درج کیے جائیں گے جو عوامی جذبات کو مجروح کریں یا کشیدگی پیدا کریں۔

رضاکاروں کو ہدایت دی گئی کہ وہ چیک پوسٹس پر پولیس کے ساتھ نہ جائیں، نہ ہی جانوروں کی تصاویر لیں اور نہ ہی ملزمان کی تفصیلات سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ ہر تنظیم ایک نمائندہ مقرر کرے اور اپنے ارکان کے فون نمبر پولیس کو فراہم کرے، جبکہ رضاکاروں کے لیے شناختی کارڈ پہننا لازمی ہوگا۔

کمشنر نے یہ بھی ہدایت دی کہ گورکشک افراد تلاشی کے دوران کسی قسم کے ہتھیار یا تیز دھار اشیاء اپنے پاس نہ رکھیں، اور پولیس کی تحویل میں موجود گاڑیوں کا پیچھا کرنے یا راستہ روکنے کی کوشش نہ کریں، بصورت دیگر سخت کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ غیر قانونی مویشیوں کی نقل و حمل کے خلاف نگرانی پورے سال جاری رہے گی اور عوام 24 گھنٹے پولیس کنٹرول روم نمبر 8712661000 پر اطلاع دے سکتے ہیں۔

انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ پولیس کے ساتھ تعاون کریں اور شہر میں امن و ہم آہنگی برقرار رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ اجلاس میں مختلف تنظیموں کے نمائندوں کی جانب سے پیش کردہ تجاویز پر بھی مثبت ردعمل ظاہر کیا گیا۔

اس اجلاس میں ایڈیشنل سی پیز تفصیر اقبال آئی پی ایس، ایم سری نواسولو آئی پی ایس، جوائنٹ سی پی محترمہ این شویتا آئی پی ایس، مختلف زونز کے ڈی سی پیز اور دیگر تنظیموں کے نمائندے شریک تھے۔