جرائم و حادثاتقومی

بیوی کے کردار پر شک، 25 سالہ شادی کا خوفناک انجام۔ 7 بچوں کے سامنے ماں کو قتل کر دیا

جس وقت یہ خونی کھیل کھیلا جا رہا تھا، مقتولہ کے ساتوں بچے وہاں موجود تھے۔ معصوم بچے اپنی ماں کو بچانے کے لیے چیختے چلاتے رہے اور باپ کی منتیں کرتے رہے، لیکن سفاک شخص پر خون سوار تھا اور اس نے ایک نہ سنی۔

دہلی : ریاست بہار کے ضلع نواڈا سے ایک انسانیت سوز واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں شک کی بنیاد پر ایک جنونی شوہر نے اپنی شریک حیات کو سات بچوں کے سامنے بے رحمی سے قتل کر دیا۔ شادی کے 25 سال گزرنے اور سات بچوں کا باپ ہونے کے باوجود ملزم اپنی بیوی کے کردار پر شک کرتا تھا۔

مقامی پولیس کے مطابق یہ لرزہ خیز واردات کواکول تھانہ علاقہ کے دراواں گاؤں میں پیش آئی۔ مقتولہ کی شناخت ببیتا دیوی کے طور پر ہوئی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ منگل کی رات ملزم روی مانجھی نشے کی حالت میں گھر پہنچا اور اپنی بیوی سے جھگڑا شروع کر دیا۔ بحث اس قدر بڑھی کہ ملزم نے آپے سے باہر ہو کر گھر میں رکھے نیزے (برچھی) سے بیوی کے سینے پر پے در پے کئی وار کیے۔

جس وقت یہ خونی کھیل کھیلا جا رہا تھا، مقتولہ کے ساتوں بچے وہاں موجود تھے۔ معصوم بچے اپنی ماں کو بچانے کے لیے چیختے چلاتے رہے اور باپ کی منتیں کرتے رہے، لیکن سفاک شخص پر خون سوار تھا اور اس نے ایک نہ سنی۔ شدید زخمی حالت میں ببیتا کو ہسپتال لے جایا گیا لیکن وہ راستے میں ہی دم توڑ گئی۔

بتایا گیا ہے کہ ببیتا نے جون 2026 میں ہی تھانے میں شکایت درج کرائی تھی کہ اس کا شوہر اسے جنگل لے جا کر قتل کرنے کی دھمکیاں دیتا ہے۔ اگر پولیس اس وقت بروقت کارروائی کرتی تو آج سات بچوں کے سر سے ماں کا سایہ نہ اٹھتا۔

پولیس کے مطابق ملزم روی مانجھی ایک عادی مجرم ہے:اس پر پہلے سے شراب نوشی اور آرمز ایکٹ کے تحت نصف درجن سے زائد مقدمات درج ہیں۔مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ ماضی میں نکسلی سرگرمیوں میں بھی ملوث رہا ہے۔

واردات انجام دینے کے بعد ملزم فرار ہو گیا ہے۔ پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے اور ملزم کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔