سوشیل میڈیا

سرقہ کی کوشش ناکام ہونے پر چوروں نے کرنٹ چھوڑ دیا

کوٹڑی تھانہ علاقے کے سالریا گاؤں کے سرکاری اسکول کے پرنسپال کشن سنگھ راٹھوڑ نے بتایا کہ آج صبح جیسے ہی اسکول کا مرکزی دروازہ کھولا گیا اور طلبہ اندر گئے تو ریلنگ میں کرنٹ لگا ہوا تھا۔

بھیلواڑا: راجستھان کے بھیلواڑا ضلع کے کوٹڑی علاقے کے سالریا گاؤں کے اسکول میں بدمعاشوں کی جانب سے چوری کی کوشش کرنے اور اس میں ناکام ہونے پر ریلنگ میں کرنٹ چھوڑنے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔

کوٹڑی تھانہ علاقے کے سالریا گاؤں کے سرکاری اسکول کے پرنسپال کشن سنگھ راٹھوڑ نے بتایا کہ آج صبح جیسے ہی اسکول کا مرکزی دروازہ کھولا گیا اور طلبہ اندر گئے تو ریلنگ میں کرنٹ لگا ہوا تھا۔ طالب علم منیش پرجاپت کو کرنٹ کا جھٹکا لگا جس پر وہ چیخ اٹھا۔

اس پر ٹیچر دوڑ کر وہاں پہنچے تو دیکھا کہ ریلنگ کو بجلی کے تاروں سے جوڑا ہوا ہے۔ بجلی بند کر کے تار ہٹائے گئے۔ پرنسپال کے کمرے کے باہر اور دروازے کو گندا کر دیا گیا تھا اور دیوار پر بنے ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کی تصویر پر بھی گوبر پوتا گیا تھا۔

چوروں نے کھڑکی توڑ کر چوری کرنے کی کوشش کی مگر ناکام رہے جس کے بعد انہوں نے کھڑکی کی ریلنگ سے برقی تار جوڑ دیئے۔ اس طرح بچوں کی زندگیوں کو خطرہ لاحق ہوگیا تھا۔

اس سلسلے میں پرنسپال نے کوٹڑی تھانے میں معاملہ درج کرایا۔