حیدرآباد

سونم وانگ چک کو منتقل کرتے وقت سفید شیٹس کا استعمال کیوں کیا گیا؟

دہلی پولیس نے سونم وانگ چک کو سرکاری دواخانہ منتقل کرنے کی کارروائی میں سفید شیٹس‘ سادہ لباس میں ملبوس پولیس والوں اور نیٹ ورک جامرس کا استعمال کیا۔ ہفتہ کی صبح جو کارروائی کی گئی اس کی منصوبہ بندی راتوں رات کی گئی تھی۔

نئی دہلی: دہلی پولیس نے سونم وانگ چک کو سرکاری دواخانہ منتقل کرنے کی کارروائی میں سفید شیٹس‘ سادہ لباس میں ملبوس پولیس والوں اور نیٹ ورک جامرس کا استعمال کیا۔ ہفتہ کی صبح جو کارروائی کی گئی اس کی منصوبہ بندی راتوں رات کی گئی تھی۔

ذرائع کے بموجب پولیس ہیڈکوارٹرس سے سینئر عہدیداروں کو رات 1:30 بجے کے آس پاس ہدایت ملی کہ وانگ چک کو دواخانہ میں شریک کرانا ہے۔ فوری سینئر عہدیدار‘ آپریشن کی منصوبہ بندی کے لئے مندر مارگ پولیس اسٹیشن میں جمع ہوئے۔ سیکوریٹی ڈرل (مشق) کی گئی کہ ٹکراؤ کے بغیر صرف ایک منٹ میں وانگ چک کو کیسے نکالا جائے۔

مقام احتجاج کے قریب نیٹ ورک جامرس لگانے پر بھی بات چیت ہوئی تاکہ پولیس کارروائی کے دوران ویڈیوز تیزی سے وائرل نہ ہوں۔ صبح 5 بجے کے قریب سینئر عہدیدار فائنل بریفنگ کے لئے جنترمنتر کے قریب اکٹھا ہوئے۔ ڈی سی پی (نئی دہلی) نے بریفنگ دی۔

سادہ لباس پولیس والے بڑی بڑی وائٹ شیٹس لے کر اسٹیج کی طرف بڑھنے لگے۔ انہوں نے سینئر کا اشارہ ملتے ہی اسٹیج کو سفید شیٹس سے ڈھک دیا۔ وانگ چک کو دواخانہ لے جانے کے لئے ایمبولنس قریب میں تیار کھڑی تھی۔ وائٹ شیٹس کا استعمال اس لئے کیا گیاکہ سی جے پی والے اور دیگر افراد وانگ چک کو دواخانہ لے جانے کی ویڈیوز نہ بناسکیں۔

اگر یہ ویڈیوز فوری وائرل ہوجائیں تو جنتر منتر پر بھیڑ اکٹھا ہوجاتی۔ پیر کے دن پارلیمنٹ کا مانسون اجلاس شروع ہونے والا ہے اور دہلی پولیس نہیں چاہتی تھی کہ مقام احتجاج پر کوئی بھیڑ اکٹھی ہو۔ تھوڑی افراتفری ہوئی لیکن پولیس نے صورتِ حال پر قابو پالیا۔