ہمیں معلوم نہیں تھا کہ امریکی فوج کو کون چلا رہا ہے، عباس عراقچی کا طنز
ایران کے خلاف فوجی کارروائی دوبارہ شروع کرنے کے مطالبے کے درمیان عباس عراقچی نے اسرائیلی سفیر یحیئیل لائٹر کے بیان پر طنز کرتے ہوئے امریکی فوج پر اسرائیلی اثر و رسوخ سے متعلق سوال اٹھا دیا۔
تہران: ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ایران کے خلاف جنگ دوبارہ شروع کرنے کے لیے اسرائیل کی جانب سے امریکی انتظامیہ پر دباؤ ڈالے جانے کی اطلاعات کے درمیان واشنگٹن میں اسرائیلی سفیر یحیئیل لائٹر کے بیان پر طنز کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں معلوم نہیں تھا کہ اسرائیلی سفیر امریکی مسلح افواج کو ہدایات جاری کرتے ہیں۔
عباس عراقچی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر اپنی پوسٹ میں اسرائیلی سفیر کے اس بیان پر ردعمل ظاہر کیا کہ امریکی فوجیوں کی اپنے ملک واپسی ایران کی شکست کے بعد ہی ممکن ہوگی۔ انہوں نے لکھا کہ ہمیں یہ علم نہیں تھا کہ واشنگٹن میں اسرائیل کے سفیر امریکی مسلح افواج کے سپریم کمانڈر ہیں۔
عراقچی کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب یحیئیل لائٹر نے گزشتہ شام نیوز میکس نیٹ ورک کو انٹرویو دیتے ہوئے مشرق وسطیٰ میں کئی ماہ سے تعینات امریکی فوجیوں کی اپنے خاندانوں کے پاس واپسی سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ ایسا ایران کی شکست کے بعد ہی ہوگا۔
اسرائیلی سفیر نے یہ بھی کہا کہ ضرورت پڑنے پر اسرائیل تہران کے خلاف تنہا فوجی کارروائی کرنے سے بھی دریغ نہیں کرے گا۔ ان کے مطابق ایران کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کی گزشتہ فوجی کارروائیاں، جون 2025 میں ‘مڈنائٹ ہیمر’ اور 2026 کے آغاز میں ‘ایپک فیوری’، بڑی کامیابیاں تھیں۔ انہوں نے کہا کہ اس بات پر یقین کرنے کی کوئی وجہ نہیں کہ ایرانی نظام کے خلاف حتمی کاری ضرب کا نتیجہ بھی مختلف ہوگا۔
یحیئیل لائٹر نے دعویٰ کیا کہ ایران کی جانب سے جوہری ہتھیاروں اور بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے دیگر ہتھیاروں کے حصول کی مسلسل کوششوں کے پیش نظر درمیانی اور طویل مدت میں ایرانی نظام کی تبدیلی ہی واحد حل رہ گئی ہے۔دوسری جانب اسرائیلی ذرائع ابلاغ نے گزشتہ روز جمعرات کو رپورٹ کیا کہ وزیراعظم بنیامن نتن یاہو نے کابینہ کے وزرا کو آگاہ کیا ہے کہ ایران کے خلاف فوجی کارروائی ناگزیر ہوچکی ہے۔ تاہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا موقف نسبتاً محتاط دکھائی دیا۔
انہوں نے اسرائیلی دباؤ کے باوجود اشارہ دیا کہ وہ رواں سال کے اختتام سے قبل ایران پر نئے حملوں کے حوالے سے فیصلہ کرنے میں جلدی نہیں کرنا چاہتے۔واضح رہے کہ امریکہ نے حالیہ عرصے میں قشم پر چند محدود حملوں کے باوجود جنگ دوبارہ شروع ہونے کے امکان کو مسترد کیا ہے۔ اس کے بجائے واشنگٹن نے آبنائے ہرمز میں ایرانی تیل بردار جہازوں کی بحری ناکہ بندی برقرار رکھنے اور تہران پر اقتصادی پابندیاں سخت کرنے کو ترجیح دی ہے۔