قومی

لاشیں کچرا اٹھانے والی گاڑی سے لے جانے کا معاملہ

فریدآباد میں سڑک حادثے میں جاں بحق خاتون اور اس کی بیٹی کی لاشیں کچرا اٹھانے والی گاڑی میں مردہ خانے پہنچانے کا معاملہ، قومی انسانی حقوق کمیشن نے ہریانہ حکومت اور ضلع انتظامیہ سے دو ہفتوں میں رپورٹ طلب کرلی۔

نئی دہلی: ہریانہ کے فریدآباد میں سڑک حادثے میں جان گنوانے والی خاتون اور اس کی بیٹی کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے کچرا اٹھانے والی گاڑی میں لے جانے کے معاملے کا قومی انسانی حقوق کمیشن (این ایچ آر سی) نے از خود نوٹس لیا ہے۔

کمیشن نے جمعہ کو بتایا کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق، اسپتال کے عملے نے اہل خانہ کو لاشیں لے جانے کے لیے ایمبولینس/مردہ خانہ وین فراہم نہیں کی، جس کے بعد دونوں لاشوں کو کچرا اٹھانے والی گاڑی کے ذریعے بلبھ گڑھ کے سول اسپتال کے مردہ خانے پہنچایا گیا۔

کمیشن نے کہا کہ اگر میڈیا رپورٹس میں دی گئی معلومات درست ہیں تو یہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا ایک سنگین معاملہ ہے۔ کمیشن نے واضح کیا کہ ہندوستانی آئین کے آرٹیکل 21 کے تحت زندگی اور انسانی وقار کا حق فوت شدہ افراد پر بھی لاگو ہوتا ہے۔ متوفین کی لاشوں کے ساتھ باوقار سلوک کرنا متعلقہ حکام اور اداروں کی ذمہ داری ہے۔

کسی بھی صورت میں مردہ جسم کے وقار سے سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا۔کمیشن نے اس معاملے میں ہریانہ حکومت کے محکمہ صحت و خاندانی بہبود کے سکریٹری اور فریدآباد کے ضلع مجسٹریٹ کو نوٹس جاری کرکے دو ہفتوں کے اندر تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے۔

کمیشن نے یاد دلایا کہ اس نے 14 مئی 2021 کو تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو متوفین کی لاشوں کی باوقار دیکھ بھال اور آخری رسومات سے متعلق رہنما خطوط پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے مشورہ جاری کیا تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق، 14 نومبر کو دہلی ممبئی ایکسپریس وے پر بلبھ گڑھ علاقے میں موٹر سائیکل پر سوار ایک خاندان سڑک حادثے کا شکار ہوگیا تھا۔ خاتون میونسپل کارپوریشن کے نوادہ کچرا ڈمپنگ یارڈ میں کام کرتی تھی اور حادثے کے وقت اپنے شوہر اور بیٹی کے ساتھ گھر لوٹ رہی تھی۔

حادثے میں خاتون اور اس کی بیٹی کی موت ہوگئی تھی۔ اسپتال کی جانب سے لاش لے جانے والی گاڑی فراہم نہ کیے جانے اور لاشوں کو کچرا اٹھانے والی گاڑی سے لے جانے کا معاملہ سامنے آنے کے بعد انسانی حقوق کمیشن نے مداخلت کی ہے۔