سعودی عرب پر پھر حملہ، ریاض میں خطرے کے سائرن بج اٹھے!
سعودی عرب نے حوثی باغیوں کی جانب سے داغے گئے 5 ڈرون اور بیلسٹک میزائل مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔ دوسری جانب عراق میں ایران نواز ملیشیا اور حکومت کے درمیان مبینہ سمجھوتے کے بعد بغداد کے قریب فوج تعینات کردی گئی ہے۔
دبئی (اے پی) سعودی عرب نے جمعہ کے دن کہا کہ ایران نواز حوثی باغیوں نے مملکت پر مزید میزائیل اور ڈرون فائر کئے۔ چند دن قبل سعودی عرب نے یمن پر حوثیوں کے زیر کنٹرول علاقوں پر بڑا فضائی حملہ کیا تھا۔
یمن کے حوثیوں سے لڑنے والے سعودی اتحاد کا کہنا ہے کہ مملکت نے 5 ڈرون اور بیلسٹک میزائیل کو جمعہ کی صبح مارگرایا۔ ان کا نشانہ مملکت کا سب سے بڑا شہر دارالحکومت ریاض تھا۔ حوثی باغیوں نے ایک دن قبل کہا تھا کہ انہوں نے سعودی ایرپورٹس، فضائی اڈوں اور ریاض کے فینانشیل سنٹر کو نشانہ بنایا ہے۔
سعودی سیول ڈیفنس نے جمعرات سے 13 ایمرجنسی الرٹ بھیجے۔ اس نے عوام کو خبردار کیا کہ فضائی حملے ہوسکتے ہیں یا فضائی حملوں کو ناکام کرنے کے دوران ملبہ گرسکتا ہے۔ حوثیوں نے آج کے حملوں پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ اسی دوران عراق میں دارالحکومت بغداد کے جنوب میں ملیشیا گڑھ میں فوجی تعینات کردیئے گئے۔
ایسا لگتا ہے کہ حکومت کا طاقتور ایران نواز ملیشیا سے سمجھوتہ ہوگیا ہے۔ عراقی سیکوریٹی فورسس نے بغداد کے مضافات میں اپنا کمانڈ ہیڈ کوارٹر قائم کیا۔ حکومت عراق نے ملیشیا پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ علاقہ کو تیل کی اسمگلنگ کیلئے استعمال کررہی ہے۔
شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر دو عراقی عہدیداروں نے بتایا کہ حکومت اور ملیشیا کے بیچ سمجھوتہ ہوگیا ہے جس کی رو سے سیکوریٹی فورسس علاقہ میں داخل ہوسکتی ہیں لیکن ملیشیا فوری وہاں سے نہیں ہٹے گی۔ اس معاہدہ کے لئے ایران کی قدس فورس کے کمانڈر اسمعیل خوانی نے بات چیت کرائی تھی۔ قدس فورس ایرانی پاسداران انقلاب اسلامی کی شاخ ہے۔ یہ ایران کے باہر آپریشنس کی ذمہ دار ہے۔