بس کے سامنے کھڑے ہوکر نعرے لگانے والا نوجوان حراست میں (ویڈیو)
کرناٹک کے ضلع منڈیا میں جمعہ کی صبح ایک نوجوان نے اپنی دو پہیہ گاڑی سے کرناٹک اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (KSRTC) کی بس کا راستہ روک دیا اور بس کے سامنے کھڑے ہوکر نعرے لگائے۔ پولیس نے واقعہ کے بعد نوجوان کو حراست میں لے لیا۔
بنگلورو: کرناٹک کے ضلع منڈیا میں جمعہ کی صبح ایک نوجوان نے اپنی دو پہیہ گاڑی سے کرناٹک اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (KSRTC) کی بس کا راستہ روک دیا اور بس کے سامنے کھڑے ہوکر نعرے لگائے۔ پولیس نے واقعہ کے بعد نوجوان کو حراست میں لے لیا۔
عینی شاہدین کے مطابق یہ واقعہ صبح کے مصروف اوقات میں مہاویر سرکل پر پیش آیا۔ نوجوان نے اپنی ٹووہیلر گاڑی بس کے سامنے کھڑی کردی اور بلند آواز میں ’’اللہ اکبر‘‘ کے نعرے لگانے لگا۔ اس اچانک واقعہ سے بس میں سوار مسافروں اور وہاں موجود لوگوں میں کچھ دیر کے لیے خوف کی لہر پیدا ہوگیا۔
نعرے لگانے کے بعد نوجوان اپنی گاڑی پر وہاں سے فرار ہوگیا۔ منڈیا کی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) ڈاکٹر شوبھا رانی نے بتایا کہ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے نوجوان کا پتہ لگایا اور اسے حراست میں لے لیا۔ اس کی شناخت عمر فاروق کے طور پر کی گئی ہے، جو ہلاہلی (Halahalli)گاؤں کا رہنے والا ہے۔
ایس پی کے مطابق ابتدائی پوچھ گچھ میں معلوم ہوا کہ نوجوان کو ذہنی صحت سے متعلق کچھ مسائل ہوسکتے ہیں۔ پوچھ گچھ کے دوران اس نے مبینہ طور پر کہا کہ ’’خدا اس کے اندر داخل ہوگیا ہے۔‘‘
پولیس نے مزید بتایا کہ نوجوان کا اپنی دوسری بیوی کے ساتھ گھریلو تنازع بھی چل رہا ہے۔ اس کی بیوی نے پہلے ہی اس کے خلاف پولیس میں شکایت درج کرائی تھی۔ بتایا گیا کہ نوجوان گزشتہ کچھ عرصے سے غیر معمولی رویہ اختیار کررہا تھا۔
پولیس کے مطابق عمر فاروق کا طبی معائنہ کرایا جائے گا تاکہ اس کی ذہنی صحت کی حالت کا جائزہ لیا جاسکے۔ طبی رپورٹ اور تحقیقات کے نتائج کی بنیاد پر مزید قانونی کارروائی کی جائے گی۔