اے بی وی پی تشدد اور غنڈہ گردی پھیلا رہی ہے: کنہیا کمار
کنہیا کمار نے جمعرات کو ایک پریس کانفرنس میں یہ بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ دہلی یونیورسٹی ملک کی ایک باوقار یونیورسٹی ہے، جہاں ملک کے مختلف حصوں کے ساتھ ساتھ بیرون ملک سے بھی طلباء تعلیم حاصل کرنے آتے ہیں۔
نئی دہلی: کانگریس کی طلبا ونگ نیشنل اسٹوڈنٹس یونین آف انڈیا (این ایس یو آئی) نے کہا ہے کہ دہلی یونیورسٹی میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی طلبا ونگ اکھل بھارتیہ ودیارتھی پریشد (اے بی وی پی) طلبا انتخابات میں تشدد اور غنڈہ گردی پھیلا رہی ہے جو کہ شرمناک ہے اور حکومت اور انتظامیہ میں بیٹھے لوگوں کو اس کی فکر نہیں ہے۔
نیشنل اسٹوڈنٹس یونین آف انڈیا (این ایس یو آئی) کے قومی انچارج کنہیا کمار نے جمعرات کو ایک پریس کانفرنس میں یہ بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ دہلی یونیورسٹی ملک کی ایک باوقار یونیورسٹی ہے، جہاں ملک کے مختلف حصوں کے ساتھ ساتھ بیرون ملک سے بھی طلباء تعلیم حاصل کرنے آتے ہیں۔
ایسے میں پرتشدد واقعات کی ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد طلباء کے والدین کے لیے یہ باعث تشویش بنتا جا رہا ہے، لیکن حکومت اور انتظامیہ جس طرح ایک مخصوص تنظیم اور ایک مخصوص نظریے کے لوگوں کو تحفظ فراہم کررہی ہے، اس سے ان کی غنڈہ گردی میں اضافہ ہو رہا ہے۔
کنہیا نے کہا کہ دہلی یونیورسٹی کا ہر طالب علم جانتا ہے کہ صرف این ایس یو آئی ہی گزشتہ چار سال میں اے بی وی پی کی انارکی کو مکمل طور پر روک سکتی ہے۔
انتخابات کے نام پر اے بی وی پی کی غنڈہ گردی جاری ہے۔ وہ گرلز ہاسٹل میں زبردستی داخل ہو رہے ہیں، گیٹ توڑ رہے ہیں، غنڈہ گردی کر رہے ہیں، لیکن میڈیا کو گمراہ کر رہے ہیں کہ یہ سب کچھ این ایس یو آئی کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا، ’’این ایس یو آئی کے ایک بھی کارکن کو لاؤ جس نے تشدد اور ہنگامہ آرائی کی ہو، ہم اس کے خلاف کارروائی کریں گے۔انہوں نے مزیدکہا کہ ہم اے بی وی پی کے لوگوں کو بتانا چاہتے ہیں ہم کمزور نہیں ہیں، ہم ڈرنے والے نہیں ہیں۔
دہلی یونیورسٹی کا ہر طالب علم 22 تاریخ کو اے بی وی پی کی غنڈہ گردی کا جواب دینے والا ہے۔ اے بی وی پی نے پچھلے ایک مہینے میں جو غنڈہ گردی اور تشدد کیا ہے وہ انتہائی شرمناک ہے۔ حکومت اور انتظامیہ کے لوگوں کو اس کی ذمہ داری قبول کرنی ہوگی۔ ,
این ایس یو ای کے صدر نیرج پنکج نے کہا کہ دہلی یونیورسٹی کے اسٹوڈنٹ یونین انتخابات میں اے بی وی پی کارکنوں کی غنڈہ گردی جاری ہے۔ ایسے کئی ویڈیو وائرل ہو رہے ہیں، جن میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اے بی وی پی کے کارکن غنڈہ گردی کر رہے ہیں۔
اس الیکشن میں جس طرح سے غنڈہ گردی کی جا رہی ہے اس کا دہلی یونیورسٹی میں پڑھنے والے طلباء پر منفی اثر پڑے گا۔ اے بی وی پی طلبہ کو ڈرانے کی کوشش کر رہی ہے، لیکن ہم وہ لوگ ہیں جو گاندھی جی، نہروجی اور امبیڈکر جی کے نظریے پر عمل پیرا ہیں۔ ہم خوفزدہ نہیں ہوں گے۔