فورمولا ای کیس پر اے سی بی کی جانچ: کے ٹی راما راو کا ہنگامہ غیر ضروری، حکومت کا کوئی انتقامی رویہ نہیں : وزیر سرینواس ریڈی
تلنگانہ کے وزیرریونیو پی سرینواس ریڈی نے کہا ہے کہ کالیشورم پراجکٹ کی جانچ کے دوران سابق وزیر اعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ (کے سی آر) کی جانب سے کی گئی ہنگامہ آرائی کے بعد اب فارمولا ای کار ریس کیس کی پوچھ گچھ کے لیے حاضر ہونے والے سابق وزیر و بی آر ایس کے لیڈرکے ٹی راما راو بھی غیر ضروری طورپرسنسنی پیدا کر رہے ہیں۔

حیدرآباد: تلنگانہ کے وزیرریونیو پی سرینواس ریڈی نے کہا ہے کہ کالیشورم پراجکٹ کی جانچ کے دوران سابق وزیر اعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ (کے سی آر) کی جانب سے کی گئی ہنگامہ آرائی کے بعد اب فارمولا ای کار ریس کیس کی پوچھ گچھ کے لیے حاضر ہونے والے سابق وزیر و بی آر ایس کے لیڈرکے ٹی راما راو بھی غیر ضروری طورپرسنسنی پیدا کر رہے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ اے سی بی کی جانچ میں حکومت کا کوئی عمل دخل نہیں ہے ۔انہوں نے سوال کیا کہ آخر کے ٹی راما راو کے لیے اس قدر ہنگامہ آرائی کیوں ضروری ہے۔ وزیرموصوف نے کہا کہ موجودہ حکومت کا کسی سے انتقامی رویہ نہیں ہے اور تحقیقات کے بعد اے سی بی کی جانب سے پیش کی جانے والی رپورٹ کی بنیاد پر ہی فورمولا ای کار ریس کیس میں کوئی بھی کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ریاست میں جلد ہی پنچایت انتخابات ہونے جا رہے ہیں اور حکومت بی سی ریزرویشن کے نفاذ کے لیے پابند عہد ہے۔
انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ جو ریزرویشن بڑھائے گئے ہیں، ان پر ہر حال میں عمل درآمد ہوگا۔
کانگریس پارٹی کی کارکردگی پر اعتماد ظاہر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ادارہ جات مقامی انتخابات میں کانگریس کا ہی غلبہ ہوگا۔
اندرامّا ہاؤسنگ اسکیم کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہر اہل فرد کو گھر دیا جائے گا اور عوام کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔
پہلے مرحلہ میں اگر کسی کا نام شامل نہ ہوا ہو تو آنے والے مراحل میں ضرور شامل کیا جائے گا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ موجودہ حکومت نے محض ڈیڑھ سال میں بیشتر انتخابی وعدے پورے کیے ہیں اور ریاست کی مالی صورتحال بہتر نہ ہونے کے باوجود باقی وعدے بھی پورے کیے جائیں گے۔